پاک فوج کے تعلقات عامہ نے سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ سے منسوب آڈیو کلپ کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ریاستی اداروں کیخلاف ڈس انفارمیشن ہے۔
دوسری جانب جنرل ریٹائرڈ مرزا اسلم بیگ نے بھی ان جعلی خبروں کی سختی سے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرے حوالے سے فوج اور اس کی اعلیٰ قیادت کیخلاف مذموم اور بے ہودہ مہم چلائی جا رہی ہے، میں اس کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج میری پہچان اور شان ہے۔ اس کا ایک ایک سپاہی اور افسر میرے لئے انتہائی قابل احترام ہے۔ اس کی شان کیخلاف بات کرنا میرے لئے بد اخلاقی تصور ہوتی ہے۔
سابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاک فوج نے مجھے پہچان دی ہے۔ مجھے جب تک اللہ نے زندگی دی ہے۔ اس کی شان میں میرا دماغ، میرا دل اور زبان صرف حق بات ہی کہتے رہیں گے۔
انہوں نے اپنے آڈیو بیان میں کہا کہ میرے بچوں ہماری فوج کیخلاف جو تحریک چل رہی ہے۔ وہ ہمارے دشمنوں کی سازش ہے۔ اس سازش کا ہرگز حصہ نہ بنو۔ اپنے پاک وصاف کردار اور عمل کو داغدار نہ بنائو۔ ایسی باتوں کو اللہ تعالیٰ پسند نہیں کرتے۔