پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے تصدیق کی ہے کہ زیارت سے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو دہشت گردوں نے شہید کر دیا ہے۔ فرار ہونے کی کوشش کے دوران فورسز کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا اور ان کے کزن عمر جاوید کو زیارت سے واپسی پر وارچوم کے علاقے سے اغوا کر لیا گیا تھا۔
پاک فون نے کہا ہے کہ لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کے اغوا کی اطلاع ملتے ہی کوئیک ری ایکشن فورسز کو دہشتگردوں کی تلاش کیلئے روانہ کیا گیا، جنہوں نے منگی ڈیم کے علاقے میں خفیہ ٹھکانے کی جانب جاتے ہوئے ان کا سراغ لگایا۔ سیکیورٹی فورسز نے ایس ایس جی کے دستوں اور ہیلی کاپٹروں کا استعمال کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 13 اور 14 جولائی کی شب سیکیورٹی فورسز کی ایک ٹیم نے 6 سے 8 دہشت گردوں کے ایک گروپ کو قریبی پہاڑوں کے ساتھ نالے سے جاتے ہوئے دیکھا۔ اپنے ممکنہ گھیرے جانے کا احساس ہونے پر دہشت گردوں نے لیفٹیننٹ کرنل لئیق بیگ مرزا کو گولی مار کر شہید کر دیا اور فرار ہونے کی کوشش کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں نے فورسز پر بھی فائرنگ کی اور دوبدو مقابلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، جن سے آئی ای ڈیز، دھماکا خیز مواد اور بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا ہے کہ اس کارروائی کے دوان باقی دہشت گرد دوسرے مغوی عمر جاوید کے ساتھ وقتی طور پر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا ہے کہ معصوم یرغمالی شہری کی بازیابی اور مجرموں کو پکڑنے کیلئے سیکیورٹی فورسز کی جانب سے خراب موسم کے باوجود علاقے میں سرچ آپریشن بلا روک ٹوک جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی ایسی بزدلانہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہیں۔