بھارت کے زیرتسلط مقبوضہ کشمیر کے علاقے سری نگر میں ایک اور بھارتی فوجی نے خودکشی کر لی ہے۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج میں خودکشیوں کا رجحان نیا نہیں ہے لیکن ہر برسراقتدار حکومت نے دعوے بہت کیے تاہم حالات بہتر نہیں ہو سکے۔
کشمیر میڈیا سروس کی ایک رپورٹ کے مطابق، مقبوضہ کشمیر کے درالحکومت سری نگر کے علاقے نگروتا میں 27 سالہ یوگیش سنگھ کی لاش درخت سے لٹکتی ہوئی ملی ہے۔
ابتدائی تفتیش سے یہ معلوم ہوا ہے کہ متوفی یوگیش سنگھ 16 کور یونٹ کا سپاہی تھا اور اس کی لاش ایک خالی بلڈنگ میں درخت سے جھول رہی تھی۔
مقامی پولیس کے مطابق، فوجی کی 16 کور یونٹ شہر کے مضافاتی علاقے نگروتا میں تعینات ہے۔
پولیس نے کہا ہے کہ جموں کے گورنمنٹ کالج اینڈ ہسپتال میں لاش کو پوسٹ مارٹم کے بعد بھارتی فوج کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دوسرے بھارتی سپاہی کی خودکشی ہے۔
اس سے قبل کشمیر کے ضلع لداخ میں کرنل رینک کے ایک فوجی افسر نے خودکشی کی ہے جن کا نام روتھ سنگھ سولنکی تھا۔
رواں برس 31 مارچ کو بھی ایک بھارتی سپاہی نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی تھی جو انڈو تبتن بارڈر فورسز سے منسلک تھا اور اس کی شناخت رام پھول مینا کے نام سے ہوئی تھی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، جنوری 2017 سے اب تک 428 بھارتی فوجی اور پولیس اہل کار خودکشی کر چکے ہیں۔