بھارتی فلم انڈسٹری دنیا کی سب سے بڑی فلم انڈسٹری ہے۔ وہاں سالانہ 10 سے زائد بھاشاؤں میں 400 سے زائد فلمیں ریلیز ہوتی ہیں جو ہالی ووڈ سے زیادہ تعداد ہے۔ اس سال 15 اگست کو پورے بھارت میں تامل، تیلگو، ملیالم، کناڈا اور ہندی زبان میں 15 فلمیں ریلیز ہوں گی جو کہ ایک ریکارڈ ہے مگر اس کالم میں ہم صرف ہندی سرکٹ کی 3 اہم ترین فلموں پر بات کریں گے۔
15 اگست بھارت کا یوم آزادی ہے اور اگست کے دوسرے عشرے میں پارسی اور ہندو برادری کے مذہبی تہوار بھی آتے ہیں۔ چھٹی اور پھر ویک اینڈ کے باعث فلمساز بڑی تعداد میں فلمیں ریلیز کر رہے ہیں۔ بالی ووڈ میں 3 فلموں کا ٹکڑاؤ ہو گا۔ ان میں اکشے کمار کی ' کھیل کھیل میں'، راج کمار راؤ کی ' استری 2' اور جان ابراہم کی ' ودھا' شامل ہیں۔ ان تینوں فلموں میں سب سے زیادہ ہائپ استری 2 کی ہے جو چند سال قبل ریلیز ہونے فلم استری کا سیکوئل ہے۔
خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
استری بہت بڑی ہٹ فلم تھی۔ یہی وجہ ہے کہ استری 2 کی ہائپ سب سے زیادہ ہے۔ پنکج ترپاٹھی اور راج کمار راؤ جیسے بے مثال اداکاروں کی موجودگی، شردھا کپور کی لک اور اداکاری، اوپر سے ملکوتی حسن کی دیوی تمنا بھاٹیہ کا ہوش ربا گانا 'تھوڑی فرصت' نے قیامت ڈھا دی۔ اس وقت میوزک چینلز اور سوشل میڈیا پر اسی گانے کا چرچا ہے۔ بڑے عرصے بعد اچھی گیت نگاری اور موسیقی یکجا سننے کو ملی ہے۔ ڈائریکٹر امر کوشک اور رائٹر سیرن بھٹ کی یہ فلم سپر ہٹ ہو سکتی ہے۔
دوسری فلم سپر اسٹار اکشے کمار کی کھیل کھیل میں ہے۔ قبل از کورونا اکشے کمار سالوں سے سپر ہٹ فلمیں دے رہا تھا۔ ہر سال چار سپر ہٹ فلمیں دینے کے بعد وہ بالی وڈ نمبر ون ہو چکا تھا مگر بعد از کورونا اکشے کمار 8 فلاپ فلمیں دے چکا ہے۔ صرف دو فلمیں سوریا ونشی اور او مائی گاڈ 2 ہی کامیاب رہیں۔ رائٹر، ڈائریکٹر مدثر عزیز کی فلم کھیل کھیل میں سے اکشے کمار ایک اور کوشش کریں گے کہ کامیاب ہو سکے۔ ان کے ہمراہ فردین خان، عینی ورک، تپسی پنوں، وانی کپور ہیں۔ فلم کے دو گانے ریلیز ہو چکے ہیں جو اوسط درجہ کے ہیں تاہم فلم کی کامیابی خارج از امکان نہیں۔
15 اگست کو ریلیز ہونے والی تیسری فلم جان ابراہم کی ودھا ہے جو ڈارک ہارس ثابت ہو سکتی ہے۔ اس فلم پر کم بات ہو رہی ہے مگر اپنے ٹریلر میں منفرد کہانی، ہدایت کاری اور جان ابراہم کی لک اور اداکاری کے باعث ٹریڈ پنڈتوں کو حیران کر سکتی ہے۔ جان ابراہم 'پٹھان' کے ڈیڑھ سال بعد سلور سکرین پر نظر آئیں گے۔ تمنا بھاٹیہ کی سرپرائز انٹری خوشگوار ہو گی۔ رائٹر اسیم اروڑا کا سکرپٹ اور نکھل ایڈوانی کی منفرد ہدایت کاری فلم کا سب سے پلس پوائنٹ ہے۔