Get Alerts

بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے خلاف مقدمہ درج

بشریٰ بی بی کی دوست فرح گوگی کے خلاف مقدمہ درج
محکمہ اینٹی کرپشن پنجاب نے عمران خان کی اہلیہ کی قریبی دوست فرح گوگی کے خلاف ڈیری اینڈف وڈ کمپنی کے لیے سرکاری زمین کو مارکیٹ ویلیو سے کم قیمت پر لیز پر لینے کا مقدمہ درج کیا ہے۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 2016 میں فرح گوگی اور ان کی والدہ بشریٰ خان نے 26 نومبر 2020 کو سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں اپنی کمپنی ‘المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ’ کے نام سے کمپنی رجسٹر کرائی۔

اس کے بعد 30 نومبر 2020 کو المعیز ڈیری اینڈ فوڈز پرائیوٹ لمیٹڈ کی ڈائریکٹر فرح گوگی نے فیصل آباد انڈسٹریل زون میں ساڑھے 10 ایکڑ زمین حاصل کرنے کے لئے تحریری درخواست دی۔

بعد ازاں15  مارچ 2021 کو فرح گوگی نے بتائے گئے طریقے کے تحت آن لائن درخواست جمع کرائی تاہم ضروری دستاویزات جمع نہ کرانے کی وجہ سے اسے مسترد کردیا گیا۔

فرح گوگی کیخلاف درج مقدمے کے متن کے مطابق5  اکتوبر 2021 کو انہوں نے تیسری مرتبہ زمین کے لئے درخواست دی۔ 29 اکروبر کو زمین کی الاٹمنٹ کی منظوری دی گئی جبکہ 6 دسمبر کو الاٹمنٹ لیٹر بھی جاری کردیا گیا۔

مقدمے میں کہا گیا ہے کہ فرح گوگی نے سرکاری افسران کےساتھ مل کرکم قیمت پر زمین لیز پر لی، حاصل کی گئی زمین کی قیمت مارکیٹ ویلیو کے مطابق 60 کروڑ روپے بنتی تھی لیکن یہ زمین صرف آٹھ کروڑ روپے میں لیز پر حاصل کی گئی۔