عامر لیاقت کی ویڈیو لیک کرنے کا معاملہ، ایف آئی اے نے دانیہ شاہ کو طلب کرلیا

عامر لیاقت کی ویڈیو لیک کرنے کا معاملہ، ایف آئی اے نے دانیہ شاہ کو طلب کرلیا
وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی ویڈیو لیک کرنے کے معاملے پر ان کی بیوہ دانیہ شاہ کو طلب کر لیا ہے۔

تفصیل کے مطابق ایف آئی اے نے کراچی کی مقامی عدالت میں عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کیخلاف کیس درج کرنے سے متعلق درخواست پر رپورٹ جمع کرا دی ہے۔

ایف آئی اے کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کو طلب کرنے کیلئے خط ارسال کر دیا گیا ہے، اس میں مرحوم عامر لیاقت کی فیملی کو کیس کی تفتیش کے لئے بیان ریکارڈ کرانے کا لکھا گیا ہے۔

عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں کہا گیا کہ ایف آئی اے دفعہ 154 کے تحت دانیہ شاہ کا بیان لینا چاہتی ہے جبکہ سوشل میڈیا پر لیک کی گئی ویڈیو کو بھی لانے کا کہا گیا ہے۔

فیڈرل انوسٹی گیشن نے کہا کہ تاہم سابق رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت حسین کی بیوہ دانیہ شاہ کی جانب سے جواب نہیں آیا۔ دانیہ شاہ کا بیان ریکارڈ ہونے پر عدالت کو آگاہ کیا جائے گا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے حکام سے پیشرفت رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ 18 جون کو عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ کے خلاف نازیبا ویڈیو وائرل کرنے پر کارروائی کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اپنایا گیا تھا کہ عدالت ایف آئی اے کو دانیہ شاہ کے خلاف سائبر کرائم کے تحت کارروائی کا حکم دے۔