'ضمنی الیکشن: ن لیگ کم از کم 13 سیٹیں نکالے گی، پی ٹی آئی کا صرف 5 یا 6 حلقوں میں کامیاب ہونے کا چانس'

'ضمنی الیکشن: ن لیگ کم از کم 13 سیٹیں نکالے گی، پی ٹی آئی کا صرف 5 یا 6 حلقوں میں کامیاب ہونے کا چانس'
سینئر تجزیہ کار مزمل سہروردی نے کہا ہے کہ حالیہ ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن 12 سے 13 سیٹیں نکال سکتی ہے۔ ایک دو سیٹیں آزاد امیدواروں کے پاس جائیں گی جبکہ پی ٹی آئی کو صرف 5 سے 6 سیٹیں ہی ملیں گی۔

نیا دور ٹی وی کے پروگرام ''خبر سے آگے'' میں 17 جولائی کو پنجاب میں شیڈول ضمنی الیکشن بارے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم عمران خان کے آلہ کار نہیں ہیں کہ اب ان کی پہلیوں کو بوجھنا شروع کر دیں اور نہ ہی سیاست کوئی کسوٹی کا کھیل ہے۔ نواز شریف نے نام لئے تو ہم نے ان پر اپنا تجزیہ پیش کر دیا تھا۔ جو بطور ایک تجزیہ کار ہمارا کام ہے۔ اگر عمران خان بھی ہمت پیدا کریں اور نام لیں۔

انہوں نے کہا کہ ملتان کی سیٹ زین قریشی جیت سکتے ہیں۔ لاہور، لودھراں، جھنگ اور شیخوپورہ کی ایک، ایک سیٹ پر پی ٹی آئی کی بہتر پوزیشن ہے جبکہ باقی تمام پر مسلم لیگ مضبوط ہے۔

پروگرام میں شریک مہمان سینئر تجزیہ کار افتخار احمد نے ضمنی الیکشن پر بات کی اور کہا کہ میں مزمل سہروردی کے تجزیے سے اتفاق کرتا ہوں لیکن میرے خیال میں شیخوپورہ کی سیٹ مسلم لیگ ن جیت جائے گی۔ البتہ فیصل آباد کی سیٹ ن لیگ کیلئے مشکل بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خوشاب کی سیٹ آزاد امیدوار کے پاس ہی رہے گی۔ مظفر گڑھ کا حلقہ پی پی 272 مسلم لیگ ن کیلئے آسان ہے لیکن اسی شہر کا دوسرا حلقہ پی پی 273 میں اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ لودھراں جہانگیر کا علاقہ ہے۔ وہ پوری کوشش کرینگے کہ پی پی 224 اور 228 پر اپنا اثر ورسوخ استعمال کریں کیونکہ ضمنی الیکشن میں کامیابی ان کیلئے بھی ایک چینلج کی حیثیت اختیار کر گئی ہے۔ علاقے کی معتبر شخصیت جن میں عبدالرحمان کانجو ودیگر جہانگیر کیساتھ مل گئے ہیں۔

افتخار احمد کا کہنا تھا کہ ملتان کے حلقے پی پی 217 میں زین قریشی اور مسلم لیگ ن کے امیدوار کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے کیونکہ گیلانی خاندان کھل کر مسلم لیگ ن کے امیدوار کی حمایت کر رہا ہے۔ تاہم ایک بات ذہن میں رہے کہ اگر بارشوں کا سلسلہ جاری رہا تو ہمارے تمام تجزیے پٹ جائیں گے۔ اس دن وہی کامیاب ہوگا جو ووٹر کو پولنگ سٹیشن پر لانے میں کامیاب ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ساہیوال کے اندر لنگڑیال خاندان اپنی سیٹ کو قائم رکھے گا۔ لاہور کی ایک سیٹ پی پی 170 کو مسلم لیگ ن کیلئے مشکل قرار دیا جا رہا ہے جبکہ پی پی 167 میں نذیر چوہان کی پوزیشن مضبوط ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جھنگ کی ایک سیٹ مسلم لیگ ن کے پاس جائے گی۔ بھکر کی سیٹ پر آزاد امیدوار کامیاب ہونگے جبکہ خوشاب کی سیٹ پر بھی آزاد امیدوار کے ہی فتح یاب ہونے کے چانسز ہیں۔ اس کے علاوہ لیہ میں بھی سیٹ ن لیگ کے حامی امیدوار کے پاس ہی جائے گی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈیرہ غازی خان میں کھوسہ برادری ایک دوسرے کے مخالف آ کر کھڑی ہو چکی ہے۔ وہاں کی صورتحال کافی پیچیدہ ہو چکی ہے۔