کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں کرونا وائرس کی تصدیق

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کی اہلیہ میں کرونا وائرس کی تصدیق
کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اہلیہ کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کر دی۔

جسٹن ٹروڈو نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ایک ٹوئٹ کے ذریعے لکھا کہ بدقسمتی سے صوفی کے کرونا وائرس کے نتائج مثبت آئے ہیں، اس لیے انہیں فی الحال قرنطینہ کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ صوفی میں کرونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئی ہیں اور وہ ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے اپنا خیال رکھ رہی ہیں۔



جسٹن ٹروڈو نے ایک اور ٹوئٹ میں اپنی خیریت بتاتے ہوئے لکھا کہ میں بہتر محسوس کر رہا ہوں اور مجھ میں اس وائرس کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئیں، لیکن میں بھی ڈاکٹر کے مشورے پر عمل کرتے ہوئے فی الحال خود کو الگ تھلگ رکھوں گا۔

کینیڈین وزیر اعظم کے مطابق اس دوران وہ گھر سے کام کریں گے جبکہ ویڈیو اور ٹیلی کانفرنس کے ذریعے میٹنگز کا حصہ بنیں گے۔



خیال رہے کہ گذشتہ روز جسٹن ٹروڈو نے اہلیہ کے کرونا وائرس سے متاثر ہونے کے خدشے کے پیش نظر خود کو قرنطینہ کر لیا تھا۔ ان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیر اعظم نے کورونا وائرس کے خوف سے خود کو الگ تھلگ کر لیا ہے۔

کینیڈا کے وزیراعظم کی جانب سے مذکورہ اقدام اس وقت سامنے آیا تھا جب ان کی اہلیہ برطانیہ میں ایک تقریب میں شرکت کے بعد واپس اپنے ملک پہنچیں اور ان میں کرونا کی ہلکی علامات ظاہر ہوئیں۔

واضح رہے کہ کینیڈا میں کرونا وائرس کے 103 تصدیق شدہ کیسز ہیں۔ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے نئے نوول کرونا وائرس کو عالمگیر وبا قرار دے دیا ہے کیونکہ یہ 100 سے زائد ممالک تک پھیل چکا ہے۔

خیال رہے کہ کرونا وائرس دسمبر میں سب سے پہلے چین کے شہر ووہان میں پھیلنا شروع ہوا تھا اور اب تک 107 ممالک میں اس سے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد افراد متاثر جبکہ 4251 ہلاک ہوچکے ہیں، مگر 65 ہزار سے زائد صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

چین میں اس وائرس کی شدت میں اب نمایاں کمی آچکی ہے اور 10 مارچ کو گذشتہ 4 ماہ کے دوران سب سے کم 17 کیسز کی تصدیق ہوئی۔