سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویکسینیشن کے لیے کینیڈا سے فون آیا تھا، یاسمین راشد

سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویکسینیشن کے لیے کینیڈا سے فون آیا تھا، یاسمین راشد
سابق وزیراعظم نواز شریف کی جعلی کورونا ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کے معاملے پر صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے انکشافات کر دئے۔

تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی ویکسینیشن کے لیے کینیڈا سے فون آیا اور کینیڈا سے نوید نے فون کرکے آئی ڈی کارڈ کا اندراج کروایا ۔

انہوں نے کہا کہ فون کرنے والے نے آپریٹر سے کہاکہ یہ نمبر اس کے والد کا ہے،جس پر وارڈ بوائے نے نواز شریف کے نام پر انٹری کی۔ یاسمین راشد کا کہنا تھا کہ انٹری کسی کمپیوٹر آپریٹر نے نہیں بلکہ وارڈ بوائے نے کی اورایسا اس نے ذاتی تعلقات کو رکھتے ہوئے کیا۔

ایف آئی اے کی جانب سے تحقیقات جاری ہیں۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ایک ایک ملازم 2015ء اور دوسرا 2016ء میں بھرتی ہوا تھا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کی یہ بہت بڑی کوتاہی تھی، سائبر کرائم میں بھی نوٹس لے لیا ہے، ہمیں تو یہ شوق نہیں ہے کہ نوازشریف کا آئی ڈی کارڈ جمع کروائیں۔ یاد رہے کہ دو روز قبل سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے جعلی اندراج کی خبر آئی تھی۔ محکمہ صحت ذرائع کے مطابق نواز شریف کے شناختی کارڈ پر ویکسین کا جعلی اندراج ہوا۔ جعلی اندراج نادرا کے پورٹل پر اپ لوڈ بھی کیا گیا۔

اندراج میں نوازشریف کو سائنوویک کی پہلی خوراک لگائی گئی ہے۔ذرائع کوٹ خواجہ سعید اسپتال کے مطابق سابق وزیراعظم کی ویکسین کی انٹری نوید الطاف نامی ویکیسنیٹر نے کی۔ دستاویزات کے مطابق نواز شریف کو سائنو ویک کی دوسری ڈوز کے لئے 20 اکتوبر کو بھی بلایا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی ویکسی نیشن کے معاملے کو ایک سازش قرار دے دیا۔ شہباز گل نے کہا کہ نواز شریف اور ن لیگی ایم پی ایز نے جعلی انٹری کی سازش کی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم کی واپسی کے بعد ویکسی نیشن کے عمل پر حملہ کیا گیا۔ نواز شریف کی جعلی ویکسی نیشن کا اندراج پاکستان کے خلاف سازش ہے۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ جعلی ویکسی نیشن کے واقعے کے 6 کردار ہیں۔

نوازشریف کی بیٹی اور کچھ ایم پی ایز نے مل کر یہ سازش تیارکی۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش میں چودھری شہباز،ابوالحسن ،عادل رفیق اور نوید نامی کردار شامل ہیں۔ سازش کا مقصد تھاکہ پاکستان میں ویکسی نیشن ٹھیک نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ عادل رفیق کو ایم پی اے چودھری شہباز نے بھرتی کروایا۔ کوٹ خواجہ سعید اسپتال میں ن لیگ خوردبرد کرتی رہی۔

ن لیگ ہی نے سب سے پہلے جعلی ویکسین کی خبرپھیلائی۔ شہباز گل نے بتایا کہ نوید نامی شخص ملک سے باہر بھاگا ہوا ہے ، نوید نامی شخص شاد باغ کا رہنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کس کس کونکالیں گے ،ہر ادارے میں یہ حرکت کرکے گئے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ویڈیو بنانے والی خاتون نے ذمہ داری لگائی ،ایم پی ایز نے عمل کروایا۔ مریم نوازکے بیان کےبعد بھارتی میڈیا نے بھی اس معاملے کو اُٹھایا ۔