وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پر ماسک اسمگلنگ کا الزام، انکوائری کا آغاز

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پر ماسک اسمگلنگ کا الزام، انکوائری کا آغاز
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ماسک سمگل کیے، الزام عائد ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد ایف آئی اے نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا کے خلاف 2 کروڑ چہرے کے ماسک بیرون ملک اسمگل کرانے کے الزام میں انکوائری شروع کر دی ہے۔

ایف آئی اے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل نے ایف آئی اے ڈائریکٹر نارتھ اسلام آباد کو تحقیقات کر کے 15 روز میں رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ینگ فارمسٹ ایسوسی ایشن نے ایف آئی اے کو ماسک اسمگلنگ کی درخواست دی جس میں وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا پر ماسک اسمگلنگ کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈریپ غضنفر علی کی ملی بھگت سے اسمگلنگ ہوئی۔



واضح رہے کہ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وجہ سے چہرے کے ماسک کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے جس سے ماسک کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔ پاکستان میں بھی کرونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد ماسک کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہوا ہے جس کو کنٹرول کرنے کے لیے حکومت نے ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا اعلان کیا۔

خیال رہے کہ دنیا بھر کو متاثر کرنے والی عالمی وبا پاکستان میں بھی پھیلتی جا رہی ہے اور اس سے سب سے زیادہ صوبہ سندھ متاثر ہوا ہے اور اب تک ملک میں مجموعی طور کیسز کی تعداد 22 ہو چکی ہے۔