وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت چھوڑ دی۔ پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ 18 مئی کو نواز شریف کو صدر بنانے کی توثیق کرے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دے دیا ہے جس کے بعد پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کا اجلاس پارٹی کے آئین کی شق 15 کے تحت بلایا گیا۔ پارٹی کے تمام ارکان مجلس عاملہ کو اجلاس کا نوٹس ارسال کر دیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پارٹی سمجھتی ہےکہ وزیراعظم شہباز شریف حکومتی مصروفیات کی وجہ سے پارٹی پر پوری طرح توجہ نہیں دے پارہے لہٰذا پارٹی کو ملک بھر میں فعال کرنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
ذرائع کے مطابق مجلس عاملہ اجلاس میں قائم مقام صدر کی نامزدگی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ڈبلیو سی پارٹی قائد نواز شریف کو قائم مقام صدر نامزد کرے گی اور مسلم لیگ ن کی جنرل کونسل 28 مئی کو نواز شریف کی صدارت کی توثیق کرے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کے حالیہ دورہ لاہور کے دوران ان کی قائد نواز شریف سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلم لیگ ن کی صدارت سے استعفیٰ دیا۔
قبل ازیں مسلم لیگ ن پنجاب کے اجلاس میں نواز شریف کو دوبارہ پارٹی صدر بنانے کی قرار داد بھی پاس ہوچکی ہے۔