مجھ سے ٹماٹر کی قیمت نہ پوچھیں، گورنر سٹیٹ بینک

مجھ سے ٹماٹر کی قیمت نہ پوچھیں، گورنر سٹیٹ بینک
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کی طرح گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر سے بھی صحافی نے ٹماٹر کی قیمت سے متعلق سوال پوچھ لیا۔ گورنر سٹیٹ بینک آف پاکستان رضا باقر نے پریس کانفرنس میں ایکسپورٹرز کے لیے رعایتی قرضہ دینے کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے 3 سے 6 فیصد رعایتی شرح پر ایکسپورٹرز کے لیے قرض میں 100 ارب روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

رضا باقر نے امپورٹرز کے لیے 10ہزار ڈالرز تک پیشیگی ادائیگی کی اجازت دینے کا اعلان کیا اور ساتھ ہی کہا کہ چھوٹے امپورٹرز کے لیے بھی پیشگی ادائیگی پر رعایت دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کا زرمبادلہ کے ذخائر پر محدود اثر ہوگا، ایکسپورٹ رعایتی قرض میں مزید شعبے بھی شامل کیے جائیں گے۔

گورنر سٹیٹ بینک نے کہا کہ زرمبادلہ کےذخائر میں گزشتہ ہفتے کا اضافہ کسی شخص کی ادائیگی سے نہیں ہے، رقم انخلاء کے مقابلے آمد میں اضافہ ہوا ہے۔

رضا باقر نے مزید کہا کہ معیشت میں سکڑاؤ نہیں بلکہ اب بھی پھیلاؤ ہو رہا ہے لیکن اس کی رفتار کم ہے۔ اس موقع پر ایک صحافی نے گورنر سٹیٹ بینک سے ٹماٹر کی قیمت کے متعلق سوال پوچھا تو انہوں نے جواب دیا کہ مجھ سے ٹماٹر کی قیمت نہ پوچھیں۔

گزشتہ روز مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ سے ٹماٹر کی قیمت سے متعلق استفسار کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا تھا کہ ٹماٹر 17 روپے کلو میں دستیاب ہیں۔