Get Alerts

فواد چودھری نے شعیب اختر اور نعمان نیاز میں صلح کرادی

فواد چودھری نے شعیب اختر اور نعمان نیاز میں صلح کرادی
پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بولر اور کرکٹ مبصر شعیب اختر اور پاکستان ٹیلی ویژن کے ڈائریکٹر سپورٹس ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان صلح ہو گئی ہے۔

فواد چودھری نے شعیب اختر اور ڈاکٹر نعمان نیاز کی تصویر ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا کہ جہاں ’اختتام اچھا ہو تو سب اچھا، بات اتنی نہیں تھی کہ اس پر اتنی گفتگو ہوتی لیکن کیا ہے کہ سوشل میڈیا اب اتنا بڑا ہے کہ چھوٹی باتیں بھی بڑی ہوجاتی ہیں۔‘

شعیب اختر اور پی ٹی وی سپورٹس کے شو ’گیم آن ہے‘ کے میزبان ڈاکٹر نعمان نیاز کے درمیان اس وقت کشیدگی پیدا ہوئی تھی جب ٹی وی میزبان نے ٹی20 ورلڈ کپ میچ کے دوران ایک لائیو پروگرام سے شعیب اختر کو چلے جانے کا کہا تھا۔

ابتدائی معاملے کے اگلے روز سرکاری ٹیلی ویژن کے سپورٹس چینل پر پروگرام ’گیم آن اے‘ نشر نہیں ہوسکا تھا۔ معاملے سے متعلق افراد کا کہنا تھا کہ ٹیلی ویژن میزبان نے پروگرام کی ریکارڈنگ ہی نہیں ہونے دی۔

https://twitter.com/shoaib100mph/status/1459474482649780227?s=20

اس کے بعد جہاں شعیب اختر نے ٹی وی شو سے علیحدگی اختیار کر لی تھی وہیں معاملے کی تحقیق کے لیے ایک کمیٹی بھی بنائی گئی تھی جس نے ’دونوں کو پروگرام سے آف ایئر کر دیا تھا۔‘

یہ اعلان سامنے آنے پر شعیب اختر کا کہنا تھا کہ وہ تو خود پروگرام چھوڑ چکے ہیں، انہیں کوئی کیسے آف ایئر کر سکتا ہے۔

سنیچر کو ہونے والی پیشرفت کے متعلق شعیب اختر کا کہنا تھا کہ انہوں نے ’اسی روز نعمان نیاز کو معاف کر دیا تھا اگر وہ اسی رات معافی مانگ لیتے تو بات اتنا آگے نہ بڑھتی۔‘

https://twitter.com/Syedharis_96/status/1459471295838568450?s=20

ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے کہا تھا کہ معاملہ آپ کی مرضی کے مطابق حل ہوگا اور ایسا ہی ہوا ہے۔ نعمان نیاز کے لیے دل میں کچھ نہیں ہے سب کچھ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا ہے۔

ڈاکٹر نعمان نیاز نے صلح کے حوالے سے خود تو کوئی ٹویٹ نہیں کی البتہ ان کے پرسنل اکاؤنٹ سے ایک ایسی ٹویٹ کو ریٹویٹ کیا گیا جس میں ’فواد چوہدری کی جانب سے صلح میں کردار ادا کرنے‘ کا ذکر کیا گیا تھا۔

https://twitter.com/fawadchaudhry/status/1459471343678853132?s=20

البتہ ایک مختصر ویڈیو میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے ’ شعیب اختر میں انتہائی معذرت چاہتا ہوں، جو ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا کیونکہ 30 برسوں کا تعلق ہے اسے ختم نہیں ہونا چاہیے۔‘

پی ٹی وی کی جانب سے بھی ٹوئٹر پر جاری کردہ اپ ڈیٹ میں تصدیق کی گئی کہ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے اپنے گھر بلا کر ڈاکٹر نعمان نیاز اور شعیب اختر کے درمیان صلح کرا دی ہے۔ ڈاکٹر نعمان نیاز نے شعیب اختر سے معذرت کرلی۔