بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے انڈیا کے متنازعہ وزیراعظم نریندر مودی کو ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ تنقید کی زد میں ہے، انسانی حقوق کے بین الاقوامی کارکنوں نے فاؤنڈیشن سے ایوارڈ واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے بھارتی وزیراعظم کو ملک میں حفظان صحت سے متعلق شعور اجاگر کرنے اور لاکھوں بیت الخلا تعمیر کرنے پر گلوبل گیٹ کیپر ایوارڈ سے نوازا ہے۔ فاؤنڈیشن کے اس فیصلے کو انسانی حقوق کے بین الاقوامی کارکنوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
جنوبی ایشیا سے تعلق رکھنے والے ممتاز امریکیوں کے ایک انسان دوست گروپ نے بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن کے نام ایک کھلا خط لکھا ہے جس میں مودی کو ایوارڈ دینے پر تنقید کی گئی ہے۔ انہوں نے بھارت میں مودی حکومت کے دور میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے اس ایوارڈ کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس خط پر وکلا، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کے دستخط ہیں۔
خط میں مزید لکھا ہے کہ یہ ایوارڈ بھارتی حکومت کی ڈھٹائی اور بھارت میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بین الاقوامی برادری کے خاموش رہنے کا عندیہ دے گا۔
یاد رہے کہ 2014 میں مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد سے ہندوستان میں مسلمانوں سمیت تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ ہندو قوم پرستی عروج پر ہے اور مشتعل ہجوم کے ہاتھوں قتل عام معمول بن چکا ہے۔