Get Alerts

پاکستان میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد،پنجاب میں سرکاری محکمے،کراچی میں کاروبار کھولنے کا اعلان

پاکستان میں کرونا سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے زائد،پنجاب میں سرکاری محکمے،کراچی میں کاروبار کھولنے کا اعلان

کرونا وائرس کے ملک میں وار جاری ہیں ۔ آج  اس موذی وائرس سے مزید 4 ہلاکتوں کے بعد اموات کی کل تعداد 101 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5810 تک جا پہنچی ہے۔


میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک میں ہونے والی 100 ہلاکتوں میں سے سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا اور  سندھ میں 35، 35 ہیں۔ اس کے علاوہ پنجاب میں 24، بلوچستان میں 2، گلگت 3 اور اسلام آباد میں ایک ہلاکت ہوچکی ہے۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے اپنے سرکاری محکمے 15 اپریل سے کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف سیکریٹری پنجاب کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق تمام محکموں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔انتظامیہ کے سیکرٹریز دفاتر آئیں گے۔ نوٹیفیکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ کچھ عملہ گھروں سے آئن لائن کام کرے گا۔


جبکہ سندھ میں بھی ایک مشکل صورتحال سامنے آرہی ہے جہاں کراچی کی مختلف تاجر تنظیموں نے کل سے کاروبار کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین سندھ تاجر اتحاد جمیل پراچہ  کا کہنا تھا کہ 28 دن سے کراچی بند ہے اور لوگ سسک رہے ہیں، کراچی سے کشمور تک کا تاجر بدحال ہوچکا ہے، چھوٹے تاجر اوران کے ملازم فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لاکھوں ملازمین کو ایک ماہ کی بمشکل تنخواہیں ادا کی ہیں، کل سے تمام حفاظتی انتظامات کےساتھ دکانیں کھول دی جائیں گی۔


اب جبکہ وفاق کی جانب سے 30 اپریل تک لاک ڈاؤن بڑھانے کی منظوری دی گئی ہے تو اسکے بعد ان دونوں اعلانات کا کیا ہوگا؟ اس حوالے سے صورتحال ابھی واضح نہیں ہے۔