پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما علیم خان نے صوبائی وزیر خوراک بنتے ہی بڑا اعلان کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما و صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں گندم کی بین الاضلاعی نقل و حمل پر پابندی نہیں ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب سے دیگر صوبوں میں گندم سمگل نہیں ہونے دیں گے، دوسرے صوبے گندم کے لیے پنجاب کی طرف دیکھتے ہیں، گندم جانے سے روکنے کے لیے سرحدیں سیل کریں گے۔
وزیر خوراک نے کہا کہ گندم کی خریداری کا 45 لاکھ ٹن کا ہدف ہر حال میں پورا ہوگا۔ گندم کی خریداری پر ایک فیصد بھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ خریداری کے ہدف میں اضافہ تو ہو سکتا ہے لیکن کمی ہرگز نہیں ہوسکتی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آنے والے دنوں میں خوراک عالمی مسئلہ بن سکتا ہے۔
اس موقع پر پنجاب کے سیکریٹری خوراک وقاص علی محمود نے علیم خان کو محکمہ خوراک پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔