Get Alerts

سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کر گئی

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے کہا کہ سکردو کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے سفر کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور اس علاقے کو باقی دنیا سے جڑنے میں مدد ملے گی۔ یہ سیاحت کو فروغ دینے اور دیگر علاقوں سے خطے کے رابطوں کو بڑھانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

سکردو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز لینڈ کر گئی

سکردو انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر پہلی بین الاقوامی پرواز اتر گئی۔ پرواز کے اترنے کے بعد سکردو کو بین الاقوامی ایئر پورٹ کا درجہ مل گیا۔

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن ( پی آئی اے) کی پہلی پرواز پی کے 234 سکردو ایئرپورٹ پر لینڈ کرگئی۔ سکردو ایئر پورٹ پرمسافروں کا خیر مقدم کیا گیا۔دبئی سے آںے والی پرواز کے ایئرپورٹ پر لینڈ کرنے کے بعد سکردو کو بین الاقوامی ایئرپورٹ کا درجہ مل گیا۔

گلگت بلتستان کے چیف سیکریٹری محی الدین احمد وانی نے اس پیش رفت کو ایک ’تاریخی لمحہ‘ قرار دیا۔

آج جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سکردو کے لیے بین الاقوامی پروازوں کے آغاز سے سفر کے نئے امکانات پیدا ہوں گے اور اس علاقے کو باقی دنیا سے جڑنے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ سیاحت کو فروغ دینے اور دیگر علاقوں سے خطے کے رابطوں کو بڑھانے کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔

دبئی سے آنے والے مسافروں کا استقبال پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر وائس مارشل عامر حیات، سول ایوی ایشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات اور سرکاری حکام نے کیا۔ اس موقع پر تقریب کا اہتمام بھی کیا گیا۔

پی آئی اے کی پروازوں کے اس نئے آغاز کے بعد قومی ایئرلائن نے ایک اور اعزاز اپنے نام کرلیا۔ جس کے بعد سکردو کو پوری دنیا میں متعارف کروادیا گیا۔ دبئی سے سکردو کا یہ سفر اب صرف ساڑھے تین گھنٹوں میں طے کیا جاسکے گا۔

دبئی سے آنے والے سیاح اس سفر کے دوران گلگت بلتستان کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔ ساتھ ہی کے ٹو اور نانگہ پربت جیسے ہمالیہ کے برف پوش پہاڑوں کے خوبصورت نظارے بھی سیاحوں کو محظوظ کریں گے۔

پی آئی اے کی دبئی سے سکردو کی ہفتہ وار پروازیں پاکستان کے شمالی علاقہ جات کی سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گی۔