پاکستان کا 78 واں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔
پاکستان ایک طویل اور لازوال جدوجہد کے بعد معرض وجود میں آیا ہے۔ پاکستان کی 24 کروڑ آبادی ہے اور اس میں 65 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہیں جن کی عمریں 30 سال سے کم ہیں۔ پاکستان کی ترقی و خوشحالی ایک اٹل حقیقت ہے۔
پاکستان جغرافیائی اعتبار سے خطے کا ایک اہم ملک ہے۔ پاکستان کی بھارت، چین، افغانستان اور ایران کے ساتھ سرحدیں ملی ہوئی ہیں۔ پاکستان کے پاس 1046 کلومیٹر طویل سمندری پٹی موجود ہے جس سے عالمی سمندری راستوں تک باآسانی رسائی حاصل ہے۔ سی پیک اور تاپی جیسے منصوبے خطے اور عالمی تجارت کے فروغ کے لیے اہم منصوبے ہیں جس سے پاکستان کی جغرافیائی اہمیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
خبروں، تجزیوں اور رپورٹس کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
پاکستان کا وسیع و عریض تاریخی و ثقافتی ورثہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستانی میں قدرتی وسائل موجود ہیں جن میں صحرا، سمندر، جھیلیں، بل کھاتے دریا، بلند و بالا پہاڑ موجود ہیں۔ گلگت بلتستان میں دنیا کی دوسری بلند چوٹی کے ٹو موجود ہے۔ سوات میں بدھ مت کے تاریخی سٹوپا مجسمے موجود ہیں جنہیں مشہور بادشاہ اشوکا کی جانب سے بنایا گیا۔ مغلیہ دور کے کئی شاہکار جن میں شاہی قلعہ، بادشاہی مسجد، شیش محل اور ہرن مینار جیسے تاریخی ورثے موجود ہیں جہاں دنیا بھر سے سیاح تشریف لاتے ہیں۔
پاکستان کی فوج دنیا کی بہترین افواج میں سرفہرست ہے۔ پاکستان دنیا بھر میں انسداد دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن پر رہا ہے اور ہزاروں جانوں کی قربانی دے چکا ہے۔
پاکستان نے کرکٹ، ہاکی اور سکواش جیسے کھیلوں کو کئی نامور کھلاڑی دیے ہیں جن میں جہانگیر خان 555 گیمز جیتنے کا منفرد ریکارڈ رکھتے ہیں۔
پاکستان کا مستقبل تابناک ہے اور ترقی کی منازل طے کرنے میں ہر پاکستانی بڑھ چڑھ کر اپنا خون پسینہ ایک کر رہا ہے۔