Get Alerts

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت لاہورہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

شیر افضل مروت اجلاس میں شرکت کیلئےلاہور ہائیکورٹ پہنچے تھے۔ پولیس نے شیر افضل مروت کو 3 ایم پی او کے تحت ہائیکورٹ کے باہر جی پی او چوک سے حراست میں لیا، جس کے بعد انہیں تھانہ مزنگ منتقل کردیا گیا ہے۔ 

پی ٹی آئی کے سینئر نائب صدر شیر افضل مروت لاہورہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار

پولیس نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر   شیر افضل مروت کو لاہورہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے وکیل رہنما کو ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتار کیا گیا۔ شیر افضل مروت اجلاس میں شرکت کیلئے ہائیکورٹ پہنچے تھے۔ذرائع کے مطابق پولیس نے شیر افضل مروت کو 3 ایم پی او کے تحت لاہور ہائی کورٹ کے باہر جی پی او چوک سے حراست میں لیا، جس کے بعد انہیں تھانہ مزنگ منتقل کردیا گیا ہے۔ 

قبل ازیں لاہور ہائی کورٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ پاکستانی عوام کو اپنی تقدیر کے بارے میں سوچنا ہے، اپنے حق کے لیے نکلنا ہے ۔ آپ کے حقوق کی جنگ چیئرمین پی ٹی آئی لڑ رہا ہے ۔ آپ کے بچوں کے مستقبل کے لیے چیئرمین پی ٹی آئی گولیاں کھانے کے لیے تیار ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ہم جہاں بھی جاتے ہیں لوگ گلے لگاتے ہیں، ماتھے چومتے ہیں ۔ آج وکلا برادری کو ایک ہونا ہوگا ۔ یہ زیادہ سے زیادہ ہمیں اٹھا کر مار سکتے ہیں ۔ اس وطن کی خاطر یہ قربانی بڑی نہیں ۔ اگر ہماری قربانی قوم کو بچا سکتی ہے تو ہم حاضر ہیں ۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں تمام کیسز میں میں ضمانت پر ہوں۔مجھے ان کے تمام ہتھکنڈے سمجھ آتے ہیں ۔ پنجاب سے بڑے بڑے نام پی ٹی آئی کو جوائن کرنا چاہتے ہیں۔ گفتگو جاری ہے، جلد سرپرائز ملے گا۔ الیکشن کی رگنگ 6 ماہ سے جاری ہے۔ 9 مئی کا ارتکاب الیکشن رگنگ کی بنیاد ہے ۔ ہم لوگ چھپتے چھپاتے موٹر سائیکلوں پر کنونشن میں پہنچتے ہیں ۔ بلاول بھٹو ہیلی کاپٹر پر گیریژن پہنچتا ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے؟

رواں ماہ کے آغاز پر خیبر پختونخوا پولیس نے عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کی گرفتاری کے پی ٹی آئی دعوے کی تردید کی تھی۔ پی ٹی آئی کے آفیشل ایکس اکاؤنٹ نے گرفتاری کا دعویٰ کیا تھا۔

پی ٹی آئی کے آفیشل اکاؤنٹ سے پیغام ارسال کیا گیا کہ عمران خان کے وکیل شیر افضل مروت کو چکدرہ سے اغواء کیا گیا ہے جبکہ شیر افضل مروت باجوڑ کنونشن میں شرکت کیلئے جارہے تھے۔

پی ٹی آئی کا شیر افضل مروت کی گرفتاری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس قسم کے ہتھکنڈے انتہائی شرمناک ہیں۔ تحریکِ انصاف کے رہنماؤں کی گرفتاریاں اور اغواء کے واقعات فوری طور پر روکے جائیں۔