عمران خان نے اپنے حامیوں کو فوجی تنصیبات پرحملوں کےلیے اکسایا: وزیراعظم

عمران خان نے اپنے حامیوں کو فوجی تنصیبات پرحملوں کےلیے اکسایا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے حامیوں کو فوجی تنصیبات پر حملوں کے لیے اکسایا۔ 9 مئی کے حوالے سے ان کی تقریریں اور ٹوئٹس موجود ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ جرمن نازی پارٹی کے لیے پروپینگنڈا کرنے والے گوئبلز کے خطاب کا جدید دور میں اگر کوئی حقدار ہے تو وہ چئیرمین پی ٹی آئی ہیں کیونکہ یقینی طور پر انہیں جھوٹ بولنے میں مہارت حاصل ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ  چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کتنی آسانی سے یہ بھول گئے کہ وہ ایک سال تک اپنے حامیوں کو تشدد پر اکساتے رہے۔ انہوں نے فوجی اور انٹیلی جنس قیادت کو غلط ناموں سے پکارا اور حقیقی آزادی کے نام پر لوگوں کا جذباتی استحصال کیا۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ چئیرمین پی ٹی آئی نے مذہبی علامات کا غلط استعمال کیا حتی کہ اپنے حامیوں سے جہاد کا حلف بھی لیا۔ ان کے حامی شرپسندوں نے فوجی تنصیبات پرحملہ کیا۔ جیسے ہی ریاستی املاک اور فوجی تنصیبات اس کے غنڈوں کے ہاتھوں حملے کی زد میں آئیں، اس نے تشدد کی مذمت کرنے سے انکار کر دیا۔  9 مئی کے حوالے سے ان کی تقریریں اور ٹوئٹس موجود ہیں۔ پی ٹی آئی نےجان بوجھ کر  تشدد کو اپنی پالیسی کے طور پر اپنایا۔ وہ جھوٹ بول سکتا ہے، تاریخ نہیں۔

https://twitter.com/CMShehbaz/status/1668861640861949953?s=20

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ٹوئٹر  پیغام میں کہا کہ 9 مئی کو ہونے والے جلاؤ گھیراؤ کے ذمہ داروں کے تعین کا ایک سادہ ترین طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے سامنے ایک سوال رکھیں۔ وہ کلیدی سوال یہ ہے کہ ان پر تشدد واقعات کا سب سے بڑھ کر فائدہ پہنچا کسے ہے؟ یقیناً یہ تحریک انصاف تو نہیں۔ دوسرے اہم سوال کا جواب منظر کو بہت حد تک واضح اور شفاف کردے گا۔

پیغام میں سابق وزیر اعظم نے کہا کہ دوسرا سوال یہ پوچھا جائے کہ کیسے محض 48 گھنٹوں میں ہی ایک نہایت مربوط اور حیرت انگیز منصوبے کے تحت باقاعدہ ہدف بنا کر تحریک انصاف کے 10 ہزار کارکنان، سپورٹرز اور بیانیے کو نشانہ بنایا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی بیانیے کو مثبت نگاہ سے دیکھنے والے صحافیوں، پی ٹی آئی کارکنان، سپورٹرز اور رہنماؤں کو یا تو قید یا بزورِ جبر عاجز اور غیر متعلق کردیا گیا۔ اس سب میں بلاشبہ ایک سوچی سمجھی ترکیب ہی کارفرما تھی۔

https://twitter.com/ImranKhanPTI/status/1668505397659828227?s=20