آئی ایم ایف کی تمام شرائط قبول کرلیں، امید ہے معاہدہ ہوجائے گا: وزیراعظم

آئی ایم ایف کی تمام شرائط قبول کرلیں، امید ہے معاہدہ ہوجائے گا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن قبول کرلیں اور امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔

راولپنڈی، اسلام آباد کے ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے جھوٹ اور پروپیگنڈے میں قوم کا وقت ضائع کیا اور انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (آئی ایم ایف) سے معاہدہ توڑا اور معیشت کا بیڑا غرق کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم نے آئی ایم ایف کی تمام شرائط من و عن قبول کرلیں اور امید ہے آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بند کیے گئے ترقیاتی منصوبے آج تکمیل کو پہنچ رہے ہیں۔ سائفر، امپورٹڈ حکومت کا جھوٹ حقائق نے دفن کردیا۔ چیئر مین پی ٹی آئی کہتے تھے روس سے تجارت پر امریکا نے ان کی حکومت ہٹوائی۔ انہوں نے روس سے دمڑی کی چیز نہیں خریدی۔

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ روس سے ایک لاکھ ٹن خام تیل کی خریداری کے معاملات ہم نے طے کیے۔ 41 ہزار ٹن خام تیل  لے کر پہلا جہاز لنگرانداز ہوچکا ہے۔ روس سے آنے والا تیل عالمی مارکیٹ میں 15 ڈالر فی بیرل سستا ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے کہا حکومت نےعام آدمی کوبجٹ میں ریلیف دیاہے۔ سیاسی استحکام کے بغیر ملک میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔ سازشی بیانیے اور لوگوں کو تقسیم کرنے سے ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے الزامات لگائے۔ کرپشن کا کوئی ثبوت نہ دیا۔ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف کیسز جھوٹے ہیں توعدالت جائیں اور بے گناہ ثابت کریں۔ رجیم چینج کے جھوٹے دعویداروں کا پروپیگنڈہ آج بے نقاب ہو گیا ہے۔