بھارت میں جنگی جنون ختم نے کے بعد اب اگلے ماہ شروع ہونے جا رہے انتخابات کا جوش و خروش سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ الیکشن کمیشن نے بہتر امیدواروں کے انتخاب کے لیے ایک انوکھا طریقہ ڈھونڈ نکالا ہے۔
بھارتی الیکشن کمیشن نے انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواروں کو اپنی انتخابی مہم میں اپنے ہر طرح کے مجرمانہ ریکارڈ کی ٹیلی ویژن اور اخبارات میں کم از کم تین بار تشہیر کرنے کی ہدایت کی ہے۔
اگرچہ یہ ہدایت گزشتہ برس اکتوبر میں کی گئی تھی تاہم رواں برس 11 اپریل سے 18 مئی تک جاری رہنے والے عام انتخابات کے دوران ان کا پہلی بار اطلاق ہو گا۔
امیدواروں کے علاوہ سیاسی جماعتوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے کہ وہ اپنے امیدواروں کے مجرمانہ ریکارڈ کی تشہیر کریں تاکہ جرائم میں ملوث عناصر کو پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
امیدواروں پر ایک ترمیم شدہ فارم 26 بھرنے کی شرط عائد کی گئی ہے جب کہ انہیں اپنی جماعتوں کو اپنے مجرمانہ ریکارڈ اور اپنے خلاف عدالت میں چل رہے زیرالتوا مقدمات کے بارے میں بھی بتانا ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ ہم سیاسی جماعتوں کی جانب سے ویب سائٹ پر امیدواروں کے مجرمانہ ریکارڈز اپ لوڈ کیے جانے پر ان کے شکرگزار ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں عام انتخابات 11 اپریل سے 19 مئی تک سات مرحلوں میں ہوں گے جن کے نتائج کا اعلان 23 مئی کو کیا جائے گا۔