وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور الیکشن کمیشن میں حاضری کے بجائے بھائی کی انتخابی مہم میں پہنچ گئے۔
علی امین گنڈاپور کی ڈیرہ اسماعیل خان میں میئرکے الیکشن کے لیے اپنے بھائی کی انتخابی مہم میں شرکت کی تصاویر بھی وائرل ہو رہی ہیں۔
خیال رہے کہ آج چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں ڈیرہ اسماعیل خان بلدیاتی انتخابات میں وفاقی وزیر علی امین گنڈا پورکے خلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے معاملے پر سماعت ہوئی تھی۔
علی امین کے وکیل نے الیکشن کمیشن کو بتایا کہ ان کے مؤکل کو کورونا ہے وہ اس لیے حاضر نہیں ہوسکے، انہیں پیشی سے استثنیٰ دیا جائے۔
چیف الیکشن کمشنر کاکہنا تھا کہ باربارضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہورہی ہے، علی امین گنڈا پورپراثرنہیں ہورہا، نہ ادارے کی عزت کررہے ہیں، آپ اپنے کلائنٹ کو کہیں کہ وہ کورونا میں الیکشن مہم نہ چلائیں، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ایکشن ہوگا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ امیدوار ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرنااہل بھی ہو سکتا ہے، ہم ڈی آئی خان کیس کو مثال بنائیں گے، ابھی اس کیس میں اور بھی شکایات موصول ہوئی ہیں ، خلاف ورزی ہوتی رہے تو ضابطہ اخلاق بنانے کا کیا فائدہ ہوگا، نرمی کی تو پھر تو الیکشن ہی نہیں ہو سکتے، جو جتنا بڑا ہوتا ہے وہ اتنی ہی خلاف ورزی کرتا ہے۔
دورانِ سماعت الیکشن کمیشن میں علی امین گنڈا پور کی انتخابی مہم میں شرکت کی ویڈیوز بھی چلائی گئیں۔