Get Alerts

اہم سیاسی پیشرفت، مسلم لیگ ن اور ترین گروپ کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہٹانے پر اتفاق

اہم سیاسی پیشرفت، مسلم لیگ ن اور ترین گروپ کا وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہٹانے پر اتفاق
مسلم لیگ ن کے نائب صدر حمزہ شہباز شریف اور ترین گروپ کے درمیان ایک اہم ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو عہدے سے ہٹانے کیلئے مکمل اتفاق کر لیا گیا ہے۔

حمزہ شہباز شریف اور جہانگیر خان ترین گروپ کے اراکین صوبائی اسمبلی کی ملاقات کا مشترکہ اعلامیہ کر دیا گیا ہے۔ حمزہ شہباز شریف کی اپنے وفد کے ہمراہ جہانگیر خان ترین کی رہائش گاہ پر پہنچے تھے۔

جہانگیر ترین گروپ کی جانب سے حمزہ شہباز اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مسلم لیگ ن کے وفد میں سردار اویس لغاری، عطاء اللہ تارڑ، خواجہ سلمان رفیق اور ذیشان رفیق شامل تھے۔

حمزہ شہباز نے جہانگیر ترین کی صحت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ ملاقات میں موجود سیاسی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور سیاسی صورتحال پر باہمی مشاورت کی گئی۔

ترین گروپ کے اراکین نے صوبے کے معاملات پر مایوسی کا اظہار کیا اور عثمان بزدار کو وزارت اعلی کے عہدے سے ہٹانے پر اتفاق کیا۔

اجلاس میں مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتی ہوئی کرپشن پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور وزیر اعلی کی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا گیا جبکہ ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے صدر آصف زرداری اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ایم کیوایم کے وفد نے ملاقات کی۔ زرداری ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما یوسف رضا گیلانی، مراد علی شاہ، ناصر حسین شاہ، سعید غنی، شرجیل میمن، رخسانہ بنگش اور دیگر بھی موجود تھے جب کہ ایم کیو ایم کے وفد میں عامر خان، خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر، خواجہ اظہار اور جاوید حنیف شامل تھے۔

دونوں جماعتوں کی قیادت نے ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے ملک کے وسیع تر مفاد میں ایک دوسرے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ اطلاعات ہیں کہ پیپلز پارٹی نے ایم کیو ایم کے تمام تر نکات سے اتفاق کیا ہے۔