پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان راشد لطیف نے سیاست میں آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی کام کرنے کی سکت ہے، میں ملک وقوم کیلئے کچھ کر سکتا ہوں۔ موجودہ سیاسی حالات کو بغور دیکھ رہا ہوں۔
جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے راشد لطیف کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں میرے سیاسی نظریات کیا ہیں؟ اور میں کس سیاسی جماعت کیساتھ وابستگی رکھتا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ میں آئندہ ایک دو سالوں کے اندر عملی سیاست میں حصہ لینا شروع کردوں۔ انہوں نے واضح کیا کہ میں الگ سے اپنی سیاسی جماعت نہیں بنائوں گا۔
راشد لطیف کا کہنا تھا کہ وہ پرانے لوگوں اور جگہ کو چھوڑنے والے نہیں۔ وہ اپنے منشور کے ساتھ چلنے والوں میں سے ہیں۔
سابق ٹیسٹ وکٹ کیپر نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے حوالے سے کئے گئے سوال پر جواب دیتے ہوئے کہا کہ ضرور وہ اس حوالے سے اچھی آفر کے بعد فیصلہ کرینگے۔
انہوں نے بتایا کہ کشمیر پریمیئر لیگ کے ساتھ ان کا ایک سال کا معاہدہ ہے، جلد وہ پاکستان سپر لیگ کی فرنچائز کراچی کنگز کے ساتھ دوبارہ وابستہ ہونے جا رہے ہیں۔ جہاں وہ فرنچائز کے لئے نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور دیگر دوسرے کاموں میں مصروف نظر آئیں گے۔