روڈہ ضلع خوشاب کے قبرستان سے 90 احمدیوں کی قبروں کے کتبے توڑ دیے۔ تفصیلات کے مطابق ہفتہ 10 مئی کو جب چند احمدی قبرستان گئے تو وہاں احمدیوں کی تمام قبروں کے کتبے ٹوٹے ہوئے تھے۔ تاحال ملزمان نامعلوم ہیں۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹی ایل پی سے وابستہ کچھ لوگ علاقے میں احمدیوں کے خلاف نفرت و تعصب پھیلا رہے ہیں۔ ان شر پسند عناصر کی خوشنودی کے لئے پولیس کی طرف سے کچھ عرصہ سے احمدیوں پر دباؤ ڈالا جا رہا تھا کہ ان کتبوں کو احمدی خود توڑ دیں۔ لیکن احمدیوں کی طرف سے سرکاری انتظامیہ کوواضح کر دیا گیا تھا کہ ہم از خود ایسا نہیں کریں گے۔
مقامی جماعت احمدیہ کی جانب سے ڈی پی او خوشاب کو احمدیوں کی 90 قبروں کے کتبے توڑے جانے پر قانونی کارروائی کے لئے درخواست جمع کروائی گئی ہے۔
واضح رہے کہ اسی قبرستان میں یکم اور دو اپریل 2025 کی رات کو نامعلوم افراد نے متعدد کتبوں پر سیمنٹ لگا کر ان پر تحریر مقدس عبارات کو مٹا دیا تھا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ 30 کتبوں پر کوئی مقدس عبارت موجود نہیں تھی۔
روڈہ ضلع خوشاب میں قبروں کے کتبے توڑے جانے پر ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان عامر محمود نے شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سال 2025 میں اب تک پاکستان میں 11 مختلف واقعات میں 269 احمدیوں کی قبروں کی بے حرمتی کی جا چکی ہے۔ جب کہ گذشتہ سال 2024 میں 21 مختلف واقعات میں 319 احمدیوں کی قبروں کی بے حرمتی کی گئی تھی۔ اس طرح کے گھناؤنے واقعات سے انتہا پسند عناصر وطن عزیز کو بدنام کر رہے ہیں اور افسوس ناک امر یہ ہے کہ احمدیوں کی قبروں کے بے حرمتی کے درجنوں واقعات ہو چکے ہیں اور انتظامیہ ایسے عناصر کو قانون کی گرفت میں نہیں لا سکی۔