واٹس ایپ میں سیکرٹ کوڈ نامی نئے فیچر کا اضافہ

اس نئے فیچر سے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر ہوگی کیونکہ ان کی لاک کی جانے والی چیٹس سامنے نظر نہیں آئیں گی۔

واٹس ایپ میں سیکرٹ کوڈ نامی نئے فیچر کا اضافہ

میٹا کی زیر ملکیت مقبول ترین انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی دنیامیں تہلکہ خیز فیچر کا اضافہ کردیا گیا ہے جو صارفین کی واٹس ایپ چیٹس تک دیگر افراد کی رسائی روکنے کے لیے ایک معاون ثابت ہو گا۔

واٹس ایپ میں سیکرٹ کوڈ نامی ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ فیچر ابھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق چیٹ لاک فیچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے سیکرٹ کوڈ کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔

واضح رہے کہ چیٹ لاک نامی فیچر مئی میں متعارف کرایا گیا تھا جس کے ذریعے مختلف چیٹس کو ایک فولڈر میں محفوظ کیا جاتا ہے جبکہ ان تک رسائی فون ان لاک کے طریقہ کار سے ممکن ہوتی ہے۔

سیکرٹ کوڈ فیچر سے صارفین اپنی لاک چیٹس کو زیادہ محفوظ بنا سکیں گے۔

وہ ان چیٹس کو فون ان لاک کے طریقہ کار کے ساتھ ساتھ ایک سیکرٹ کوڈ کے ذریعے محفوظ بنا سکیں گے۔

سیکرٹ کوڈ کا فیچر چیٹ لاک کی سیٹنگز کے اندر ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق جن چیٹس کو لاک کیا جائے گا۔ وہ چیٹ لسٹ میں نظر نہیں آئیں گی بلکہ ان تک رسائی کے لیے صارفین کو چیٹ ٹیب پر موجود سرچ بار میں سیکرٹ کوڈ کا اندراج کرنا ہوگا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس نئے فیچر سے صارفین کی پرائیویسی مزید بہتر ہوگی کیونکہ ان کی لاک کی جانے والی چیٹس سامنے نظر نہیں آئیں گی۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ چونکہ لاک چیٹس کی لسٹ نظروں کے سامنے نہیں ہوگی تو کسی صارف کے فون کو اگر کوئی اور فرد استعمال کرے  گا۔ تو بھی اس کے لیے حساس بات چیت کو دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔