پاک بھارت کشیدگی سے جوہری تصادم کے خطرے کی باتیں غلط ثابت ہوئیں، مودی

پاک بھارت کشیدگی سے جوہری تصادم کے خطرے کی باتیں غلط ثابت ہوئیں، مودی
دہلی: بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ بھارت نے پاکستان کی جانب سے جوہری حملوں کی دھمکیوں کو غیر اہم کر دیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی قوم پرست بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنی انتخابی مہم میں ملکی سلامتی کے موضوع کو بنیادی نکتہ بنا رکھا ہے۔ بھارتی زیر انتظام کشمیر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پاکستان، بھارتی زیر انتظام کشمیر کے رہنماؤں اور اپوزیشن کانگریس پارٹی کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

مودی نے کشمیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فروری کے مہینے میں بھارتی طیاروں کے پاکستانی حدود میں داخل ہو کر حملہ کرنے سے ثابت ہو گیا ہے کہ کشیدگی میں اضافے سے دونوں ممالک کے مابین جوہری تصادم کے خطرے کی باتیں غلط تھیں۔

واضح رہے کہ فوجی امور کے ماہرین خبردار کرتے رہے ہیں کہ پاکستان اور بھارت کے مابین روایتی ہتھیاروں سے جنگ شروع ہونے کی صورت میں جنگ میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کا شدید خطرہ ہو گا۔ اسی وجہ سے دونوں ممالک کشیدگی میں اضافے سے اجتناب کرتے رہے ہیں۔

پاکستان نے واضح لفظوں میں کبھی ایٹمی حملے کی دھمکی نہیں دی تاہم پاکستان وزیر اعظم عمران خان نے فروری میں اپنی تقریر میں بھی کہا تھا کہ ’جس قسم کے ہتھیار موجود ہیں‘ انہیں سامنے رکھتے ہوئے دونوں ممالک کو کشیدگی میں کمی لانا چاہیے۔