فاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پولیس اہلکاروں نے جانوں کا نذرانہ دے کر امن کو یقینی بنایا، 580 پولیس والے زخمی ہیں، پنجاب پولیس اور رینجرز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ یورپی سفیروں کو نکالتے تو حالات زیادہ پیچیدہ ہو جاتے۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے تحریک لبیک پر پابندی کی منظوری دے دی ہے، الیکشن ایکٹ کے تحت تحریک لبیک کو ختم کرنے کی سمری کل بھیج دی جائے گی۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک میں افراتفری پھیلانے کا ایجنڈا کبھی کامیاب نہیں ہو گا، وزیراعظم سے کہا ہے کہ پولیس کو وسائل فراہم کیے جائیں، کسی کو نہیں چھوڑا جارہا ہے، کوئی رعایت نہیں ہو گی۔
وفاقی وزیر برائے مذہبی امور پیر نور الحق قادری کا کہنا تھا کہ تحریک لبیک کو دو سال تک رابطے میں رکھا، کوشش کی کہ وہ مرکزی دھارے میں آئے اور سسٹم انہیں ڈیل کرے۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قرارداد کے حوالے سے کبھی اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے، ہم ان سے بات کر رہے تھے اور وہ اپنا مسودہ تیار کر رہے تھے، مذاکرات کے دوران ہمیں پتہ چلا کہ وہ 20 اپریل کو مارچ کر رہے ہیں۔
نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ ہم نے انہیں اسپیکر قومی اسمبلی سے ملنے کا بھی کہا تھا تاکہ متفقہ متن آ جائے، ہم نے بھرپور کوشش کہ مذاکرات کے ذریعے انھیں سمجھایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ گرفتاری کے بعد جس طرح ردعمل دیا گیا وہ نا قانونی نا ہی دینی ہے، ریاستوں و حکومتوں کا کام منت سماجت نہیں ہوتا۔