نئی حکومت کے پہلے ہفتے مہنگائی کم ہوگئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری

نئی حکومت کے پہلے ہفتے مہنگائی کم ہوگئی، ادارہ شماریات کی رپورٹ جاری
ادارہ شماریات نے مہنگائی سے متعلق ہفتہ وار رپورٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نئی حکومت آتے ہی مہنگائی میں کمی واقع ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی شرح میں 0.68 فیصد کمی ہوئی جس کے بعد مہنگائی کی مجموعی شرح 16.44 فیصد پر آگئی ہے۔ حالیہ ہفتے 17 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ہوا جبکہ ایک ہفتے میں 10 اشیاء سستی, 24 میں استحکام رہا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں انڈے 2 روپے 78 پیسے فی درجن مہنگے ہوئے جبکہ مٹن 12 روپے 66 پیسے فی کلو مہنگا ہوا اور بیف کی فی کلو قیمت میں 3 روپے 9 پیسے اضافہ ہوا اور زندہ مرغی ایک روپے 67 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔

ادارہ شماریات کے مطابق دودھ، دہی، دالیں اور چاول بھی مہنگا ہوا جبکہ ایک ہفتے میں ٹماٹر 52 روپے 59 پیسے فی کلو سستا ہوا، لہسن کی فی کلو قیمت میں 12 روپے کی کمی ہوئی۔

اس کے علاوہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 5 روپے 27 پیسے کمی ہوئی جبکہ آلو ایک روپے 38 پیسے فی کلو سستا ہوا۔ چینی کی اوسط فی کلو قیمت میں 22 پیسے کی کمی ہوئی جبکہ آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 3 روپے 84 پیسے سستا ہوا۔ کیلے اور ایل پی جی بھی سستی ہوئی۔