Get Alerts

اینٹی کرپشن پنجاب نےعثمان بزدار کو 17 اپریل کو طلب کر لیا

اینٹی کرپشن پنجاب نےعثمان بزدار کو 17 اپریل کو طلب کر لیا
سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف  اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ میں ایک اور انکوائری شروع کر دی گئی۔ سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کو 17اپریل کو طلب کر لیا گیا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق عثمان بزدار پر قصبہ بارتھی میں اپنی رہائش کے قریب پرائیویٹ زمین پر سرکاری خرچ سے ہال تعمیر کرانے کا الزام ہے۔ ہال کی تعمیر میں 2کروڑ 44 لاکھ روپے کا خرچہ کیا گیا۔محکمہ بلڈنگ تونسہ شریف کی جانب سے ورک آرڈر عثمان بزدار کے قریبی عزیز غلام اکبر بزدار اینڈکمپنی کو دیا گیا تھا۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا تھا کہ ہال کی تعمیر کے لئے لینڈ ایکوزیشن کی کوئی کارروائی نہ کی گئی نہ ہی پرائیویٹ فریقین سے سرکار کے نام کوئی انتقال درج کیا گیا۔ عثمان خان بزدار نے ہال کو ذاتی استعمال میں رکھا ہوا ہے۔ مذکورہ ہال عثمان بزدار کے والد کی قبر کے ساتھ تعمیر کرایا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق وزیراعلی عثمان بزدار کو 17اپریل کو طلب کر لیا۔

واضح رہے کہ عثمان بزدار کے خلاف گھوسٹ سکولوں کے معاملے سمیت 10 کرپشن کیسز کی انکوائریاں چل رہی ہیں۔ اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو تونسہ میں بارتھی سے کھرڑ بزدار تک 70 کروڑ روپے کی لاگت سے 50 کلومیٹر طویل سڑک کی تعمیر میں کرپشن کےمعاملے میں 10 اپریل کو طلب کیا تھا۔ اس سے قبل علاقے  کھرڑ بزدار میں 16 گھوسٹ سکولوں کے معاملے پر اینٹی کرپشن پنجاب نےعثمان بزدار کو 3 اپریل کو طلب کیا تھا۔

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔