ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت کسی جماعت سے اتحاد نہیں کررہے: رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی بہت جلد اپنی حکومت بنائے گی۔ پی ٹی آئی نے میاں اسلم کو پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا۔ بلوچستان میں ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار سالار ہوں گے اسی طرح خیبرپختونخوا میں سپیکر کے لیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ عمر ایوب کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

ن لیگ، پیپلزپارٹی سمیت کسی جماعت سے اتحاد نہیں کررہے: رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر

رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے ساتھ اتحاد کے خبروں کی تردید کردی اور کہا کہ عمران خان کا واضح موقف ہے کہ ان جماعتوں سے کسی صورت اتحاد نہیں ہوگا۔ انہوں ںے ہفتے کو ملک بھر میں پُرامن احتجاج کا بھی اعلان کردیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹرگوہر خان نے کہا کہ کسی کو بھی جعلی مینڈیٹ کے ساتھ حکومت میں آنے کا حق نہیں۔ کہا گیا ہم پیپلزپارٹی، مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم سے مل کر حکومت بنا رہے ہیں جب کہ بانی پی ٹی آئی نے واضح کہا ہے کہ ان جماعتوں کے ساتھ کسی صورت پاور شیئرنگ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بہت جلد اپنی حکومت بنائے گی۔ پی ٹی آئی نے میاں اسلم کو پنجاب میں وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کیا۔ بلوچستان میں ہمارے وزیراعلیٰ کے امیدوار سالار ہوں گے اسی طرح خیبرپختونخوا میں سپیکر کے لیے عاقب اللہ کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ عمر ایوب کو وزارت عظمی کا امیدوار نامزد کیا گیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف ہفتہ 17 فروری کو ملک بھر میں احتجاج کا اعلان کر دیا اور کہا کہ ہم ہفتے کے دن پورے پاکستان میں احتجاج کریں گے۔ تمام سیاسی جماعتیں جو ان انتخابات کو تسلیم نہیں کرتیں وہ ہمارے ساتھ پُرامن احتجاج کریں۔ ہم پاکستانی جھنڈوں کے ساتھ احتجاج کریں گے۔

تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں

ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن نے عوام کی آزادی کا تعین کرنا ہے ہم اس مینڈیٹ کو چوری نہیں کرنے نہیں دیں گے۔ ہم پیپلز پارٹی سے مذاکرات نہیں کریں گے۔بانی پی ٹی آئی کا دو ٹوک موقف ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی سے پاور شئیرنگ نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ پی ٹی آئی نے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرین کے ساتھ مل کر حکومت بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ مطابق پاکستان تحریک انصاف اور پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے درمیان مذاکرات بھی ہوئے ہیں۔ پارٹی ذرائع کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کے ساتھ اتحاد کی اجازت دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کے انکار کے بعد پی ٹی آئی نے پرویز خٹک کے ساتھ آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تاہم دونوں پارٹیوں کی جانب سے اس خبر کی تردید کر دی گئی۔ صدر پی ٹی آئی پشاور نے کہا کہ پی ٹی آئی پی سےحکومت سازی کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی۔

ارباب شیر علی نے کہا کہ پی ٹی آئی پی سے حکومت سازی پرکوئی رابطہ نہیں ہوا، کنفیوژن پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پی ٹی آئی پی سے رابطے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

جب کہ ترجمان پی ٹی آئی پارلیمینٹرینز ضیا اللہ بنگش نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے ایسی خبروں کی تردید کی۔ انہوں نے کہا کہ رابطہ ہوا تو پارٹی چیئرمین پرویز خٹک ہی حتمی فیصلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اسد قیصر نے اسلام آباد میں میڈیا ٹاک میں شاید کوئی ایسی بات کی ہو لیکن ابھی تک ہم سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔