پروگرام میں دخل اندازی: بی بی سی نے آج ٹی وی کے ساتھ سیربین کا نشریاتی معاہدہ منسوخ کردیا

پروگرام میں دخل اندازی: بی بی سی نے آج ٹی وی کے ساتھ سیربین کا نشریاتی معاہدہ منسوخ کردیا
پاکستان میں آزادی صحافت کے خاتمے  کے حوالے سے آئے روز شکایات اب معمول بن چکا ہے۔ کبھی صحافیوں کا اغوا کیا جاتا ہے تو کبھی چینلز کو بند کر دیا جاتا ہے۔ ساتھ ہی ساتھ ہر اس آزاد آواز کا گلا گھونٹنے کی کوشش کی جاتی ہے جو متبادل بیانیہ دینے کی کوشش میں ہو۔

اب تازہ ترین خبر کے مطابق بی بی سی کی اردو سروس کے مقبول ترین خبرنامے سیربین کو نشر کرنے کا بی بی سی اور آج ٹی وی کا معاہدہ منسوخ کیا گیا ہے اور اس کی وجہ پروگرام میں مداخلت قرار دی گئی ہے۔ اس معاہدے کے تحت پاکستانی ناظرین کے لیئے سیربین کو نشر کیا جاتا تھا،

تفصیلات کے مطابق بی بی سی کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بی بی سی کے کسی بھی پروگرام میں مداخلت ادارے اور عوام کے درمیان قائم اعتماد کے رشتے کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہے اور بی بی سی اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتا۔ اسی طرح آج ٹی وی کے ذریعئے پاکستان میں نشر ہونے والے بی بی سی سیربین خبرنامے میں بار بار مداخلت کی گئی۔ اعلامیئے کے مطابق مداخلت کا یہ سلسلہ اکتوبر 2020 سے جاری تھا جسے دونوں جانب سے باہمی اعتماد کے تحت کی گئی کوششوں کے باجود ختم نہیں کیا جاسکا۔

اس لیئے بی بی سی مجبور ہے کہ وہ اس معاہدے کو اسی وقت منسوخ کردے۔ تاہم بی بی سی اپنے ناظرین کو بتانا ضروری سمجھتا ہے کہ وہ بی بی سی ڈاٹ کام پر سیربین سن سکتے ہیں۔