سندھ میں کورونا کی پابندیاں: شادی کی تقریبات میں کھانا ڈبوں میں دینے کی ہدایت

سندھ میں کورونا کی پابندیاں: شادی کی تقریبات میں کھانا ڈبوں میں دینے کی ہدایت
کراچی سمیت سندھ بھر میں کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر عوامی مقامات پرماسک کا استعمال لازمی قرار دے دیا گیا۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت کورونا ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا جس میں سندھ اور بالخصوص کراچی میں کورونا کی بڑھتی ہوئی شرح کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں صوبے بھر میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ عوامی مقامات پر ماسک پہننے کو لازمی قرار دیا گیا ہے جس کے تحت تمام شادی ہالز، مارکیٹس اور عوامی مقامات پر ماسک پہننا لازمی ہوگا، اس کے علاوہ شادی کی تقریبات میں کھانا ڈبوں میں فراہم کیا جائے گا۔

مارکیٹس میں ویکسین شدہ افراد کے داخلے کی اجازت ہوگی اور انتظامیہ کو ویکسی نیشن کارڈ کا ریکارڈ چیک کرانا لازمی ہوگا۔

حکومت نے ویکسی نیشن مہم پورے صوبے میں تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ ریسٹورینٹس پر نگرانی رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور جو ریسٹورینٹس ایس او پیز پر عمل نہیں کریں گے ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ کورونا کیسز میں اضافہ احتیاطی تدابیر نہ اپنانے کا نتیجہ ہے، عوام تعاون کریں گے تو اس جاری کورونا لہر پر بھی کنٹرول ہوجائے گا۔ اجلاس میں صوبے بھر میں ویکسینیشن کی مہم بھی تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے

مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ دنوں بعد دوبارہ ٹاسک فورس اجلاس ہوگا جس میں صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مزید فیصلے کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی مثبت شرح 35 فیصد سے بھی تجاوز کر گئی ہے ، وفاقی حکام کے مطابق کراچی میں گزشتہ روز 8063 ٹیسٹ کیے گئے جس میں سے 2846 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی۔ حکام کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 35.30 فیصد ریکارڈ کی گئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں کورونا کی تشویشناک صورتحال پر صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی آج طلب کیا گیا تھا۔ ملک میں کورونا کے پھیلاؤ نے پھر خطرے کی گھنٹی بجا دی، چوبیس گھنٹے کے دوران مثبت کیسز کی شرح آٹھ اعشاریہ ایک چھ فیصد ریکارڈ ریکارڈ کی گئی۔