Get Alerts

سندھ حکومت نے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا الزام وفاقی حکومت پر عائد کر دیا

سندھ حکومت نے ملک میں کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا الزام وفاقی حکومت پر عائد کر دیا
وزیر اطلاعات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ملک میں کرونا وائرس پھیلنے کا الزام وفاقی حکومت پر عائد کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان پر ملک میں لاک ڈاؤن کے حوالے سے الگ الگ باتیں کرنے پر تنقید کی ہے۔

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی اور صوبائی حکومت کے دیگر سینئر حکام کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ایک طرف وزیراعظم اشرافیہ کی طرف سے لاک ڈاؤن کرنے کی باتیں کرتے ہیں اور چند گھنٹے بعد ہی وہ بروقت لاک ڈاؤن کرنے پر اپنی حکومت کے فیصلے کی تعریف کرتے ہیں اور سخت لاک ڈاؤن کے فوائد کی بات کرتے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی سندھ کے رہنماؤں کے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی پریس کانفرنس پر ردعمل کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔

ان کا کہنا تھا کہ جب پیپلز پارٹی کے رہنما وفاقی حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہیں تو پی ٹی آئی کے سندھ کے رہنما غیر متعلقہ باتیں کر کے عوام کو گمراہ کرتے ہیں۔

ناصر شاہ نے کہا کہ بلاول بھٹو نے صرف سندھ کی نہیں بلکہ تمام صوبوں کی بات کی تھی اور صرف یہ کہا تھا کہ وفاقی حکومت کو صوبوں کی مدد کرنی چاہیے، اس میں غلط کیا ہے؟

انہوں نے کرونا وائرس کی وبا پر وفاقی حکومت کے ردعمل کو 'غیر سنجیدہ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ وفاق کی طرف سے متضاد پیغامات آنے سے قبل ملک بھر میں لاک ڈاؤن پر عمل کیا جا رہا تھا۔

انہوں نے وفاقی حکومت پر سندھ سے تعاون کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مہلک وبا سے لڑنے کے لیے موثر لاک ڈاؤن واحد راستہ ہے۔