ویمن کرکٹر ندا ڈار سے متعلق نامناسب تبصرہ کرنے پر کرکٹر عبدالرزاق کو شدید تنقید کا سامنا

ویمن کرکٹر ندا ڈار سے متعلق نامناسب تبصرہ کرنے پر کرکٹر عبدالرزاق کو شدید تنقید کا سامنا
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر ندا ڈار سے متعلق نامناسب تبصرہ کرنے پر سابق انٹرنیشنل کرکٹر عبدالرزاق کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا ہے۔

سابق کرکٹر عبدالرزاق اور ندا ڈار نے گزشتہ ماہ جون میں نجی ٹی وی چینل پر نعمان اعجاز کے ٹاک شو میں شرکت کی تھی جس کے ایک ویڈیو کلپ نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ٹاک شو کے دوران سابق کرکٹر عبدالرزاق، ندا ڈار کی جسامت اور ان کی شادی کے حوالے سے نامناسب تبصرہ کرتے ہوئے نظر آئے۔ شو کے دوران جب نعمان اعجاز نے ندا ڈار سے پوچھا کہ اگر وہ کرکٹر نہ ہوتیں تو وہ کس شعبے کا انتخاب کرتیں جس پر ندا ڈار نے کہا کہ وہ ایک پروفیشنل ایتھیلیٹ بن جاتیں۔

https://twitter.com/emclub77/status/1415197775998951428

شو کی ایک اور میزبان وفا بٹ نے پوچھا کہ پاکستان میں خواتین کے لیے کتنی اسپورٹس اکیڈمیز ہیں جس پر نعمان اعجاز نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ کالج کی سطح پر چند ایک ہیں۔

ندا ڈار نے کہا کہ جن کالجز اور اسکولز کے پاس گراؤنڈز ہوں تو ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ لڑکیوں کو کرکٹ کھلائیں اور لڑکیاں مختلف گاؤں سے کرکٹ کو کیریئر بنانے کے لیے ہی آتی ہیں۔

وفا بٹ نے ان کی بات میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ ’اور جب شادی ہوتی ہے تو چھوڑ جاتی ہیں’، اس پر ندا ڈار نے کہا کہ ’ان کی یہی کوشش ہوتی ہے کہ جتنا کرکٹ کھیل سکتی ہیں کھیل لیں شادی کے بعد کچھ پتا نہیں ہوتا’۔

ندا ڈار کی مذکورہ بات پر تبصرہ کرتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ ’ان کی شادی نہیں ہوتی، ان کی فیلڈ ایسی ہے، جب یہ کرکٹرز بن جاتی ہیں تو وہ پھر چاہتی ہیں کہ مردوں کی ٹیم کے لیول تک آجائیں، وہ ثابت کرنا چاہتی ہیں کہ صرف مرد نہیں وہ بھی یہ سب کچھ کرسکتی ہیں، اس لیے وہ احساسات (شادی کرنے کے ) ختم ہوجاتے ہیں‘۔

عبدالرزاق نے مزید کہا کہ آپ ان سے ( ندا ڈار) ہاتھ ملا کر دیکھ لیں، یہ لڑکی تو نہیں لگتیں‘۔

اس بات کا جواب دیتے ہوئے ندا ڈار نے کہا کہ ’ہمارا پروفیشن ایسا ہے کہ ہمیں جِم کرنا پڑتا ہے، ہمی بیٹنگ، باؤلنگ، فیلڈنگ ہر چیز کرنی ہوتی ہے ہمیں فِٹ رہنا ہوتا ہے’، ان کی بات کاٹتے ہوئے عبدالرزاق نے کہا کہ آپ ان کا ہیئر کٹ دیکھ لیں۔ وفا بٹ نے ندا ڈار کے چھوٹے بالوں سے متعلق سوال کرتے ہوئے کہا کہ لمبے بالوں کے ساتھ کرکٹ نہیں کھیلی جاسکتی اس پر ندا ڈار نے کہا کہ بالکل کھیلی جاسکتی ہے لیکن شروع سے ہی چھوٹے بال رکھے ہوں تو اسے پریشانی ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ شو کے مختلف ویڈیو کلپس بھی وائرل ہوئے جس میں کامیڈینز کی جانب سے ان کے چھوٹے بالوں کا مذاق اڑاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ مذکورہ ویڈیو کلپس وائرل ہونے کے بعد سے سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شو کے شرکا بالخصوص عبدالرزاق کے نامناسب تبصرے پر شدید تنقید کی جارہی ہے۔

اے نامی ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ’میں تصور بھی نہیں کرسکتی کہ ہماری خواتین کرکٹرز کو کس قسم کے رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہوگا‘

https://twitter.com/rays_alpha/status/1415235883125641216

حسن سعید نے لکھا کہ کوئی عبدالرزاق کو بتائے کہ وہ مزاحیہ نہیں لگ رہے۔

https://twitter.com/HasaanSaeed/status/1415216803891105793

سلمان نامی صارف نے لکھا کہ ’ندا کے لیے بہت برا محسوس ہوتا ہے، وہ میرے دوست کی کزن ہیں اور ان کے مطابق انہوں نے واقعی بہت محنت کی ہے اور یہاں تک پہنچی ہیں، سوچیں کہ آپ اتنی محنت کریں، اپنے ملک کے لیے کھیلیں اور پھر ٹی وی پر آپ کو بے عزت کیا جائے ’

https://twitter.com/salmanatlongon/status/1415244597597442048

ماہم نامی صارف نے لکھا کہ’ اپنے دماٖغ میں، لائیو ٹی وی پر میری برداشت ختم ہوگئی ہے، میں عبدالرزاق اور باقی 3 افراد پر چلارہی ہوں جنہوں نے ندا سے متعلق جنس پرست اور زن بیزار گفتگو کی ہے‘۔

https://twitter.com/kiyamusibathai/status/1415219309006278660

حارث ملک نے کہا کہ ’آپ ورلڈ کلاس آل راؤنڈر بن گئے لیکن آپ کی ذہنیت وہیں رہ گئی جہاں سے کیریئر شروع کیا تھا، ٹی وی پر پاکستانی اسٹار کا تمسخر اڑانا انتہائی غلط ہے۔

https://twitter.com/f__ranky/status/1415239164841373698