Get Alerts

عدالت کا امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم

عدالت کا امریکی خاتون سنتھیا رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم
سابق وزیر داخلہ رحمان ملک پر جنسی زیادتی جب کہ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اور مخدوم شہاب الدین پر دست درازی کا الزام لگانے والی امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے آغاز کا حکم دے دیا گیا ہے۔

  عدالت نے  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔

جیو نیوز کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے پیپلزپارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی ایڈووکیٹ کی جانب سے مقدمہ اندراج کے لیے دائر درخواست پر محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں ایف آئی اے کو امریکی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔ اس سے قبل اسلام آباد پولیس نے سنتھیا کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا تھا اور ایف آئی اے نے بھی سنتھیا کے خلاف مقدمہ اندراج کی درخواست خارج کرنے کی استدعا کی تھی۔


دوسری جانب امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست دائر کی گئی ہے۔


شہری کی درخواست پر اسلام آباد کی سیشن عدالت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) سے جواب طلب کرلیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ دوسرے کیس میں ایف آئی اے کے کمنٹس آجائیں پھر دیکھ لیتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی جانب سے سنتھیا رچی کے الزامات کی سختی سے تردید کی گئی تھی جس کے بعد پیپلز پارٹی نے امریکی خاتون کے خلاف عدالت سے بھی رجوع کیا تھا۔