وزیراعظم عمران خان نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو معاون خصوصی برائے سماجی تحفظ اور تخفیف غربت مقرر کر دیا ہے اور بظاہر یوں دکھائی دے رہا ہے کہ وفاقی کابینہ کے ارکان کی نصف سنچری جلد مکمل ہو جائے گی۔
کابینہ ڈویژن نے ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعیناتی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے جب کہ ان کا درجہ وفاقی وزیر کے برابر ہو گا جب کہ ان کی تعیناتی بھی فی الفور کر دی گئی ہے۔
ڈاکٹر ثانیہ نشتر کی تعیناتی کے بعد کابینہ کے غیرمنتخب ارکان پارلیمان کی تعداد میں مزید اضافہ ہو گیا ہے جب کہ کابینہ کے مجموعی ارکان کی تعداد 48 ہو گئی ہے جن میں 24 وفاقی وزرا، پانچ وزرائے مملکت، پانچ مشیر اور 14 وزیراعظم کے معاون خصوصی ہیں۔
دوسری جانب پنجاب حکومت نے وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر اکرم چودھری کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے جب کہ ڈاکٹر سلمان شاہ کو مشیر وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کر دیا گیا ہے۔
ڈاکٹر سلمان شاہ کا کہنا ہے، پنجاب کے پاس بے شمار وسائل ہیں۔ پنجاب میں کم و بیش 50 شہر ایسے ہیں جو اپنے علاقوں کا معاشی گڑھ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، پنجاب اپنی صلاحیتوں کے مطابق معاشی ترقی نہیں کر سکا۔ پنجاب کی معیشت تین سے چار گنا تک بڑھ سکتی ہے، صرف پالیسیوں کا درست تعین کرنے کی ضرورت ہے۔