پنجاب یونیورسٹی، پی ایچ ڈی کے خواہشمند تمام امیدوار بشمول فیکلٹی ممبران انٹری ٹیسٹ میں فیل

پنجاب یونیورسٹی، پی ایچ ڈی کے خواہشمند تمام امیدوار بشمول فیکلٹی ممبران انٹری ٹیسٹ میں فیل
پنجاب یونیورسٹی لاہور میں پی ایچ ڈی کے خواہشمند تمام امیدوار انٹری ٹیسٹ میں فیل ہو گئے، 132 میں سے ایک بھی امیدوار 70 فیصد نمبر حاصل نہ کرسکا، جس کی بنیاد پر انہیں فیل قرار دیا گیا۔ فیل ہونے والے امیدواروں میں فیکلٹی ممبران بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیشن اسٹڈیز میں پی ایچ ڈی میں نئے داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ لیا گیا، حیران کش انکشاف تب سامنے آیا جب ایم فل کر کے آئے پی ایچ ڈی کے خواہشمند تمام طلبا و طالبات انٹری ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق پی ایچ ڈی کے انٹری ٹیسٹ میں 132 امیدواروں نے شرکت کی۔ 132 امیدواروں میں سے ایک بھی امیدوار 70 فیصد نمبر حاصل نہ کرسکا، درجنوں فیکلٹی ممبران بھی ٹیسٹ میں فیل ہوگئے۔ امیدواروں نے انٹری ٹیسٹ کے نتائج کو مشکوک قرار دے دیا جبکہ بہت سے امیدواروں نے سلیبس کو ذمہ دار قرار دیا۔

ذرائع کے مطابق امیدواروں نے الزام لگایا کہ ڈیپارٹمنٹ نے انٹری ٹیسٹ این ٹی ایس کا نام لے کر خود لیا، داخل نہ کرنے کے پلان کے باعث آؤٹ آف کورس سوالات دیئے گئے جبکہ انٹری ٹیسٹ سے 3 روز قبل سلیبس تبدیل کر دیا گیا، پی ایچ ڈی کا انٹری ٹیسٹ بیلنس نہیں تھا۔

ڈین انسٹی ٹیوٹ آف کمیونیکیشن اسٹڈیز پروفیسر خالد محمود کا کہنا تھا کہ سلیبس تبدیل کرتے ہوئے انگریزی کو بعد میں شامل کیا گیا، این ٹی ایس سے ٹرم اینڈ کنڈیشن پر اختلاف پیدا ہوگیا تھا اس لیے ٹیسٹ خود لینا پڑا، انہوں نے کہا کہ طلبہ کو فیل ہونے کے بعد یاد آیا کہ ٹیسٹ آٹ آف سلیبس ہے؟