پی آئی اے کے مسافر طیارے میں آگ، 'مزید 10 منٹ ہوا میں رہتا تو دھماکے سے پھٹ جاتا'

پی آئی اے کے مسافر طیارے میں آگ، 'مزید 10 منٹ ہوا میں رہتا تو دھماکے سے پھٹ جاتا'
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کے لاہور سے جدہ جانے والے طیارے میں ٹیک آف کرتے ہی آگ لگ گئی، فنی خرابی کے باعث پائلٹ کو پرواز بھرنے کے فوری بعد ہی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سے جدہ جانے والے پی آئی اے کے مسافر طیارے کے انجن میں اڑان بھرتے ہی آگ بھڑک اٹھی۔ آگ لگنے کے باعث طیارے کا انجن ناکارہ ہو گیا۔ پائلٹ نے صورت حال کی سنگینی کا بروقت احساس کرتے ہوئے فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کی اور 200 مسافروں کی جان بچا لی۔ طیارے کے رن وے پر لینڈ کرتے ہی فائربریگیڈ کے عملے نے آگ پر قابو پا لیا۔

پی آئی آے ترجمان کے مطابق جب طیارے نے پرواز بھری تو اس میں 200 مسافر موجود تھے، تاہم اس کی فوری طور پر ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔ انہوں نے طیارے میں آتشزدگی کی میڈیا رپورٹس کو مسترد کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کا اسٹاف مسافروں کا ایئرپورٹ لاؤنج میں بھرپور خیال رکھ رہا ہے۔

ایکسپریس نیوز نے اپنے پی آئی اے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ مسافروں کو دوسرے طیارے میں بھیجنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں تاہم مسافر اگلے طیارے میں بھی بیٹھنے کو تیار نہیں۔

جبکہ ایئرپورٹ حکام کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ حادثے کا شکار طیارہ مزید 10 منٹ ہوا میں رہتا تو زوردار دھماکے سے پھٹ جاتا۔