منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہونے والا نوجوان گرفتار، منگیتر سمیت قرنطینہ منتقل

منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہونے والا نوجوان گرفتار، منگیتر سمیت قرنطینہ منتقل
فلسطین کا ایک نوجوان منگیتر سے ملنے کے لیے قرنطینہ سے فرار ہو کر اس کے گھر پہنچ گیا، فورسز نے نوجوان کو حراست میں لے کر منگیتر اور اس کے گھر والوں سمیت دوبارہ قرنطینہ منتقل کر دیا۔

بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق قرنطینہ میں زیر علاج فلسطینی شہری نگرانوں سے آنکھ بچا کر قرنطینہ ہی نہیں بلکہ شہر سے نکل گیا اور الخلیل شہر کے شمال میں واقع العروب کیمپ میں اپنی منگیتر سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا۔

نوجوان کے فرار کی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار حرکت میں آئے اور مفرور نوجوان کو حراست میں لے کر دوبارہ قرنطینہ پہنچا دیا۔

فورسز نے نوجوان کے ساتھ اس کی منگیتر اور سسرالی رشتہ داروں کو بھی قرنطینہ میں داخل کر دیا۔

قرنطینہ سے فرار کا یہ واقعہ فلسطین بھر میں سوشل میڈیا پر وائرل ہے۔

واضح رہے کہ فلسطینی حکومت نے کرونا کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے متعدد حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔ فلسطین میں ایسے تمام مقامات کو سینی ٹائز کیا جا رہا ہے جہاں گنجان آبادی ہے۔ فلسطین میں اب تک کرونا وائرس کے 208 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ 2 اموات بھی ہو چکی ہیں۔