پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے فیض آباد دھرنا کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ ضمنی الیکشن سے قبل دھاندلی کا بازار گرم ہے جبکہ پی ٹی آئی کے لوگوں کو ٹارگٹ کیا جا رہا ہے۔ پی ٹی آئی کےکارکنان پرتشدد کیاجارہاہے۔ ہمارے کارکنان سنی اتحاد کونسل کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ پنجاب پولیس نے جو ظلم کیا وہ سب کے سامنے ہے۔
عمر ایوب نے کہا کہ 21 اپریل کے الیکشن سےقبل ہی دھاندلی کا بازار گرم ہے۔ چیف الیکشن کمیشن کو کینیڈا میں تعینات کرنے کا وعدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ذمہ داران ہوش کے ناخن لیں کیونکہ پاکستان الیکشن میں دھاندلی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔
اپوزیشن لیڈر نے دعویٰ کیا کہ جنرل باجوہ نے 2019 میں حکومت گرانے کا کہا تھا۔
تازہ ترین خبروں اور تجزیوں کے لیے نیا دور کا وٹس ایپ چینل جائن کریں
عمر ایوب کا کہنا تھا کہ فیض آباد انکوائری رپورٹ کو پبلک کیا جانا چاہیے۔ فیض آباد رپورٹ کو الماری میں بند کر کے نہیں رکھنا چاہیے۔ دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے اور ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیے۔
عمر ایوب نے کہا کہ انہوں نے آئین و قانون کے دھجیاں اڑا دی ہیں۔ جس ملک کے جج خط لکھیں کہ ایجنسی کے لوگ ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں تو سرمایہ کار وہاں سرمایہ لگانے سے پہلے سوچتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ ہم سعودی وفد کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔پاکستان میں کوئی بھی سرمایہ کاری کرے ہم ویلکم کہیں گے۔
عمر ایوب نے کہاکہ عمران خان قومی یکجہتی کی علامت ہیں انہیں دیوار کے ساتھ نہ لگایا جائے۔ تحریک تحفظ آئین کے نام سے 6 جماعتوں کا اتحاد بن چکا ہے۔ ہم اپنی تحریک جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہاکہ بہاولنگر واقعے کی انکوائری بھی ایک جج کی زیرنگرانی ہونی چاہیے۔ اور حقائق سامنے آنے چاہییں۔
عمر ایوب نے کہاکہ ہمیں کسی سے حب الوطنی کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں۔