ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پالیسی کا انحصار حالات پر ہے، بھارتی وزیر دفاع

ایٹمی ہتھیاروں کے استعمال سے متعلق پالیسی کا انحصار حالات پر ہے، بھارتی وزیر دفاع
ہندو انتہا انتہا پسند مودی سرکار کے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے ایٹمی ہتھیارں کے پہلے استعمال کی پالیسی میں تبدیلی کا اشارہ دیدیا۔

راج ناتھ نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں گیڈر بھبکی دیتے ہوئے کہا کہ بھارت اب تک نو فرسٹ یوز کی پالیسی پر قائم رہا، مستقبل میں کیا ہو گا اس کا انحصار حالات پر ہے۔

خیال رہے کہ بھارت نے 1974 میں تمام بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے ایٹمی دھماکا کیا تھا۔

بھارت کو اس عمل سے باز رکھنے کے لیے نیوکلئیر سپلائرز گروپ کا 1974میں قیام عمل میں آیا۔ بھارت نے ایٹمی دھماکے کر کے این پی ٹی، سی ٹی بی ٹی پر عالمی معاہدوں اور قوانین کو سبوتاژ کیا۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو راجیہ سبھا میں پیش کیے جانے سے قبل ہی صدارتی حکم نامے کے ذریعے ختم کر دیا گیا تھا اور مقبوضہ جموں و کشمیر اور لداخ کو دو حصوں میں تقسیم کر کے بھارتی یونین میں شامل کر لیا تھا۔

پاکستان نے بھارتی فیصلے کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کشمیر کو ایک متنازع علاقہ قرار دیا تھا اور بین الاقوامی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا تھا۔