قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو گرفتار کرلیا۔
نیب نے کرپشن کے الزام میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے نیب حکام کو فواد چوہدری سے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی اجازت بھی دے دی۔
وارنٹ کے متن کے مطابق فواد چوہدری کو کرپشن کیس میں گرفتار کیا گیا اور انہیں اب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔
نیب کاکہنا ہے کہ فواد چودھری پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز کا الزام ہے۔ نیب سیکشن 24 اے کے تحت فواد چودھری کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔
قبل ازیں جوڈیشل مجسٹریٹ یاسر محمود کی عدالت میں سماعت ہوئی۔ نیب حکام اور تفتیشی افسر عدالت میں پیش ہوئے۔
نیب حکام کا کہنا تھا کہ کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق انکوائری میں فواد چوہدری کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب نے سیکشن 24 اے کے تحت فواد چوہدری کے وارنٹ گرفتاری جاری کر رکھے ہیں. وہ اس وقت جوڈیشل اور عدالت کی کسٹڈی میں ہیں۔
نیب حکام نے استدعا کی کہ فواد چوہدری سے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے نیب حکام کو فواد چوہدری سے وارنٹ کی تعمیل کرانے کی اجازت دے دی۔ ساتھ ہی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو حکم دیا کہ وہ تعمیل کروائے۔
وارنٹ گرفتاری کی تعمیل کرواتے ہوئے قومی احتساب بیورو ( نیب) نے سابق وفاقی وزیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما فواد چوہدری کو گرفتار کرلیا۔
یاد رہے کہ فواد چوہدری پہلے سے گرفتار ہیں جہاں گزشتہ روز راولپنڈی کی عدالت نے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا۔
واضح رہے کہ فواد چودھری کیخلاف جہلم تا پنڈ داد خان ڈوئل کیرج وے منصوبے پر انکوائری جاری تھی۔ فواد چودھری پر منصوبے میں سیاسی اثرورسوخ استعمال کرنے اور اراضی خریدنے کا الزام ہے اور نیب راولپنڈی نے انہیں 13 نومبر کو طلب بھی کیاتھا۔