یونیورسٹی آف انجینیئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں محکمہ اینٹی کرپشن کی طرف سے سابق وائس چانسلر منصور سرور کو ملنے والے نوٹس کے بعد یو ای ٹی انتظامیہ حرکت میں آ گئی اور یونیورسٹی نے تین اہم انتظامی عہدیدار فارغ کر دیے ہیں۔ اس ضمن میں باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نیو کیمپس کالا شاہ کاکو کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر تنویر اقبال کو فارغ کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر شاہد عمران نئے کوارڈی نیٹر تعینات ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر تنویر اقبال کیمیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے چیئرمین کے عہدے سے بھی فارغ کر دیے گئے ہیں۔ ان کی جگہ ڈاکٹر محسن علی کاظمی کو نیا چیئرمین لگا دیا ہے۔
ڈاکٹر تنویر اقبال کی اہلیہ ڈاکٹر صائمہ یاسین کو بھی مین کیمپس کیمیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی چیئرمین شپ سے ہٹا دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ڈاکٹر ظہیر اسلم کو تعینات کر دیا گیا ہے۔
اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو ملنے والی درخواست میں ڈاکٹر تنویر اقبال اور ڈاکٹر صائمہ یاسین پر بھی غیر قانونی مراعات لینے کا الزام لگایا گیا ہے۔
ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق ڈاکٹر تنویر اقبال اور ڈاکٹر صائمہ یاسین کو بھی شامل تفتیش کیے جانے کا امکان ہے۔