Get Alerts

ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش، کاشف عباسی اور ان کے پروگرام پر پیمرا نے 60 دن کی پابندی عائد کر دی

ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش، کاشف عباسی اور ان کے پروگرام پر پیمرا نے 60 دن کی پابندی عائد کر دی
پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی ( پیمرا) نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں وفاقی وزیر فیصل واڈا کی جانب سے غیراخلاقی حرکت اور ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش پر پروگرام اور اس کے میزبان پر 60 دن کی پابندی عائد کر دی ہے۔

نجی چینل 'اے آر وائی نیوز' کے پروگرام 'آف دی ریکارڈ' میں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واڈا کے ساتھ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے رہنما قمر زمان کائرہ اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید عباسی بطور مہمان موجود تھے۔

دوران گفتگو صورتحال اس وقت انتہائی مضحکہ خیز ہوگئی جب فیصل واڈا نے ' فوجی بوٹ' میز پر رکھتے ہوئے کہا کہ 'مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے'۔

پیمرا نے وفاقی وزیر کی اس حرکت کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ پروگرام کے دوران فیصل واڈا کی جانب سے اٹھائے گئے اعتراضات انتہائی غیرسنجیدہ اور تضحیک آمیز تھے بلکہ انہوں نے ایک ریاستی ادارے کے وقار کو مجروح کرنے کی بھی کوشش کی۔



پیمرا نے پروگرام کے میزبان کاشف عباسی کے رویے کو بھی انتہائی غیرپیشہ ورانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میزبان نے لائیو شو کے دوران مہمان کی جانب سے اس غیراخلاقی حرکت پر مداخلت یا انہیں روکنے کی کوشش نہیں کی اور اس کے بجائے معاملے پر مسکراتے رہے۔

پیمرا کی جانب سے کہا گیا کہ بادی النظر میں ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ایک ریاستی ادارے کو غیر ضروری طور پر بحث کا حصہ بنا کر اس کے وقار کو مجروح کرنے کی کوشش کی اور اس عمل کو پیمرا کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی قرار دیا۔

پیمرا نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر اے آر وائی کے پروگرام 'آف دی ریکارڈ' پر 60 دن کی پابندی عائد کی ہے جس کا اطلاق 16جنوری 2020 سے ہو گا۔