حکومتی بیانات میں تضاد: کرونا ویکسین کے حوالے سے جھوٹ نہیں بولا، پہلی سہ ماہی میں دستیاب ہوگی، اسد عمر

حکومتی بیانات میں تضاد: کرونا ویکسین کے حوالے سے جھوٹ نہیں بولا، پہلی سہ ماہی میں دستیاب ہوگی، اسد عمر
کرونا وائرس کی ویکسین کے حوالے سے گزشتہ روز معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے بیان کے حوالے سے اسد عمر نے کہا کہ ' ویکسین سے متعلق قوم سے کوئی جھوٹ نہیں بولا گیا اور رواں سال کی پہلی سہ ماہی تک ویکسین دستیاب ہوجائے گی۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ روز ڈاکٹر فیصل سلطان نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے اب تک کرونا وائرس کی کسی ویکسین کے لیے آرڈر نہیں دیا ہے۔

اسد عمر وزیر اعلیٰ  سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ کراچی کمیٹی کے فیصلوں کے حوالے سے  پریس کانفرنس کر رہےتھے۔

انہوں نے کراچی کے مسائل کے حوالے سے بات چیت کی۔

مردم شماری کے حوالے سے اسد عمر کا کہنا تھا کہ مردم شماری پر تحفظات سندھ، بلوچستان سمیت تین صوبوں کے تھے اور ہیں، یہ شماری ہمارے دور میں نہیں ہوئی تھی جبکہ صرف اس مردم شماری پر نہیں بلکہ ہر مردم شماری پر کراچی کو اعتراض رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کمیٹی سفارشات تیار کر رہی ہے، بحث مباحثہ ہوگا اور لوگوں کو یقین دلانا ہے کہ مردم شماری درست ہوتی ہے۔

سندھ کے جزائر پر قبضے کے الزام سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ جزائر پر سندھ اور وفاق کا الگ الگ موقف ہے، ان جزائر پر کوئی فوج نہیں آرہی ہے جبکہ ہم نے ساتھ بیٹھ کر ترقی اور بہتری پر بات کرنے کا تہیہ کیا ہے۔