Get Alerts

لیہ اراضی کیس :'غیر قانونی کام کے لئے بنی گالا سے کال آئی تھی'

لیہ اراضی کیس :'غیر قانونی کام کے لئے بنی گالا سے کال آئی تھی'
لیہ اراضی کیس میں اہم پیشرفت سابق وزیراعظم عمران خان  کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا۔ دوران تقتیش نائب تحصیلدار  نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کرپشن میں ملوث ہو نے کی تصدیق کر دی۔

ترجمان اینٹی کرپشن  کے مطابق اینٹی کرپشن کے پاس عمران خان فیملی کے کرپشن میں ملوث ہونے کے واضح ثبوت موجود ہیں۔

ترجمان اینٹی کرپشن کا کہنا ہے کہ نائب تحصیلدار نے دوران تفتیش اقرار کیا کہ اسے غیر قانونی کام کے لئے بنی گالا سے کال آئی تھی۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ اینٹی کرپشن نے سابق وزیراعظم عمران خان کو لیہ اراضی کیس میں آج طلب کیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے کل طلبی کا نوٹس زمان پارک کی رہائش گاہ پر چسپاں کیا تھا۔

عمران خان اور دیگر کو آج اینٹی کرپشن ڈیرہ غازی خان آفس میں طلب کیا گیا ہے۔ اینٹی کرپشن نے عظمی خان اور ان کے شوہر احد مجید کو بھی لیہ کرپشن کیس میں طلب کیا ہے۔

ترجمان اینٹی کرپشن نے اعادہ کیا کہ کرپٹ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کاروائیاں جاری رہیں گی۔



واضح رہے کہ پنجاب کی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ سابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف اتوار کے روز صوبہ پنجاب میں دھوکہ دہی کے ذریعے 5,000 کنال (625 ایکڑ) سے زیادہ اراضی کی خریدوفروخت کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان، ان کے شوہر احد مجید اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ  کا کہنا ہے کہ عمران خان اور دیگر مشتبہ افراد پر پنجاب کے ضلع لیہ میں 5,261 کنال مہنگی زمین سستے داموں خریدنے کا الزام ہے۔ انہوں نے یہ زمین 6 ارب روپے (600 کروڑ روپے) کی اصل قیمت کے مقابلے 13 کروڑ  روپے میں خریدی۔

اینٹی کرپشن پنجاب  نے کہا کہ مشتبہ شخص نے سیاسی اثر و رسوخ کا استعمال کرتے ہوئے وہاں کئی سالوں سے مقیم مقامی لوگوں سے 500 کنال اراضی چھین لی ۔

اس میں کہا گیا ہے کہ اس کیس کی مرکزی ملزم عظمیٰ ہے کیونکہ 5000 ایکڑ سے زیادہ زمین ان کے نام ہے۔

 

حسن نقوی تحقیقاتی صحافی کے طور پر متعدد بین الاقوامی اور قومی ذرائع ابلاغ کے اداروں سے وابستہ رہے ہیں۔ سیاست، دہشت گردی، شدت پسندی، عسکریت پسند گروہ اور سکیورٹی معاملات ان کے خصوصی موضوعات ہیں۔ آج کل بطور پولیٹیکل رپورٹر ایک بڑے نجی میڈیا گروپ کے ساتھ منسلک ہیں۔