سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے دوست ممالک کردار ادا کرنے کو تیار ہیں۔ اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق عدم اعتماد پر ووٹنگ او آئی سی اجلاس کے بعد کرانے کی وجہ سامنے آ گئی ہے۔ معروف صحافی نعیم اشرف بٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ دوست ممالک سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ او آئی سی اجلاس کے دوران دوست ممالک اہم سیاسی ملاقاتیں کریں گے۔
https://twitter.com/naeemashrafbut3/status/1504024135655116804
ملک میں جاری سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے 2 دوست ممالک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں،دونوں ممالک کی پاکستان کے ساتھ دوستی کی تاریخ موجود ہے،دونوں ممالک پہلے بھی پاکستان میں سیاسی کشیدگی کی صورت میں اہم کردار ادا کرے رہے ہیں، او آئی سی اجلاس کے دوران سیاسی حوالے سے اہم پیش رفت کا امکان ہے۔
ممکن ہے کوئی ایسا حل نکل آئے جو سب کو قابل قبول ہو، او آئی سی اجلاس میں چین کے وزیر خارجہ کو بھی دعوت دی گئی ہے،3 روز قبل چین کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن نے چوہدری برادران سے بھی ملاقات کی تھی۔
خیال رہے کہ حکومت نے او آئی سی اجلاس کے بعد قومی اسمبلی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا تھا۔ جس کے بعد تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کا اجلاس 29مارچ کو کرانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ او آئی سی وزرائے خارجہ کا اجلاس 22 اور 23 کو ہو رہا ہے۔وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ 29 مارچ کو کرانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں کے لانگ مارچ کے شیڈول میں کچھ تبدیلی کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کی شب کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ اوآئی سی اجلاس کے لیے آئے مہمان ہمارے لیے معزز ہیں اس لیے انہیں کسی قسم کی مشکلات نہیں ہونی چاہیے۔ 23 مارچ کو ملک بھر سے قافلے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوں گے اور 25مارچ کوقافلےاسلام آبادمیں داخل ہوں گے۔ 25 مارچ سے قبل ہمارا کوئی قافلہ اسلام آباد میں داخل نہیں ہو گا۔