سینیٹ الیکشن:محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور انوار الحق کاکڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

سینیٹ الیکشن کے لیے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی اپنے کاغذات جمع کرادیے ہیں۔  بلوچستان سے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی سینیٹ کا الیکشن لڑنے کے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

سینیٹ الیکشن:محسن نقوی، محمد اورنگزیب اور انوار الحق کاکڑ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لیے امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی جمع کروانے کا سلسلہ جاری ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور سابق وزیر فیصل واوڈا سمیت متعدد امیدواروں  نے سینیٹ الیکشن کے لیے کاغذات جمع کرادیے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کیلئےکاغذاتِ نامزدگی جمع کرانےکاآج آخری دن ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سینیٹ الیکشن کیلئے آزاد امیدوار کی حیثیت سے 2  کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔  الیکشن کمیشن کے دفتر میں وکلاء کی ٹیم بھی وزیر داخلہ کے ساتھ موجود ہے۔ 

اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ آزاد حیثیت سے کاغذات نامزدگی جمع کروا رہے ہیں۔ چوہدری شافع حسین، خواجہ عمران نذیر، غضنفر عباس چھینہ اور علی موسیٰ گیلانی بھی وزیر داخلہ سید محسن نقوی کے ساتھ موجود ہیں۔ 

ذرائع کے مطابق حکومتی اتحاد کی چاروں جماعتوں کے اراکین اسمبلی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کو سینٹ انتخابات کیلئے تجویز کیا اور تائید کی۔  محسن نقوی کو سینٹ انتخابات کیلئے مسلم لیگ ق کے شافع حسین، پیپلز پارٹی کے سید علی حیدر  گیلانی نے تجویز جبکہ مسلم لیگ ن کے خواجہ عمران نذیر اور استحکام پاکستان پارٹی کے غضنفر عباس چھینہ نے ان کی تائید کی۔

دوسری جانب سینیٹ الیکشن کے لیے وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بھی اپنے کاغذات جمع کرادیے ہیں۔  بلوچستان سے سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے بھی سینیٹ کا الیکشن لڑنے کے کیلیے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ سے اب تک ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ انوار الحق کاکڑ کے کاغذات نامزدگی سینیٹر دنیش کمار نے جمع کروائے ہیں۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کی طرف سے پرویز رشید، مصطفیٰ رمدے اور احد چیمہ نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے ہیں جن میں سابق سینیٹر پرویز رشید نے جنرل نشست اور  مصطفیٰ رمدے نے ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کاغذات جمع کروائے۔

ادھر  پیپلزپارٹی کی طرف سے فائزہ ملک نے بھی سینیٹ الیکشن میں حصہ لینے کے لئے کاغذات جمع کروائے۔

ٹیکنوکریٹ کیلئے ایڈووکیٹ امان اللہ کنرانی کے کاغذات جمع کرائے ۔

سندھ میں سینیٹ کی بارہ نشستوں پرانتخاب ہوگا۔ جس کے لئے ایم کیوایم کے عامر چشتی ، ابوبکر،نجیب ہارون اور رؤف صدیقی کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے جبکہ فیصل واوڈا نے آزاد حیثیت سے کاغذاتِ جمع کروا دیئے ہیں۔

اس سے قبل اسلام آباد سے ٹیکنوکریٹ کی نشست پروزیرخارجہ اسحاق ڈار کے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرائے گئے۔  

ذرائع کے مطابق ن لیگ نے ناصر بٹ اورطلال چوہدری کو بھی سینیٹ کےلیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق خیبرپختونخوا میں سینیٹ کی گیارہ خالی نشستوں پر نواسی سے زائد امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے۔ جس میں فیصل جاوید، اعظم سواتی، طلحہٰ محمود شامل ہیں۔

واضح رہے کہ 2 اپریل کو ہونے والے سینیٹ کے انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔کاغذات نامزدگی کی سکروٹنی 19 مارچ تک مکمل کی جائے گی جبکہ 21 مارچ کو کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کی جا سکیں گی اور 25 مارچ تک ٹریبونل کی جانب سے اپیلوں پر فیصلے کئے جائیں گے۔